رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

14:27 16.1.2022

کراچی میں کرونا مثبت کیسز کی شرح 40 فی صد کے قریب

پاکستان میں کرونا مثبت کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جب کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 40 فی صد تک جا پہنچی ہے۔

ملک میں کرونا وائرس پر نظر رکھنے والے ادارے 'نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر' (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 51 ہزار 236 افراد کے کرونا ٹیسٹس کیے گئے جن میں سے 4027 کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران چھ ہزار سے زائد افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے دو ہزار سے زائد افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

لاہور میں کرونا مثبت کیسز کی شرح آٹھ فی صد سے زائد جب کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں سات فی صد سے تجاوز کر چکی ہے۔

14:43 16.1.2022

بھارت میں کرونا کیسز آٹھ ماہ بعد بلند ترین سطح پر

بھارت میں بھی کرونا وائرس کی نئی قسم امیکرون کے پھیلاؤ کے باعث کرونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

بھارت میں وزارتِ صحت کے حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا کے مزید دو لاکھ 71 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں یہ آٹھ ماہ بعد مصدقہ کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

بھارت میں کرونا سے مزید 314 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد اس مہلک وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد چار لاکھ 86 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔

19:59 16.1.2022

چین: بیجنگ میں اومیکرون ویریئنٹ کے پہلے کیس کے بعد نئی پابندیاں

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہفتے کو اومیکرون ویریئنٹ کا مقامی سطح پر منتقل ہونے والا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد نئی پابندیاں عائد کر دی گئی ہے۔

بیجنگ آنے کے خواہش مند افراد کے لیے اب ضروری ہو گا کہ وہ شہر میں داخلے سے قبل 72 گھنٹوں کے اندر کرونا ٹیسٹ کرائیں۔

بیجنگ میں ہفتے کو ایک ایسے شخص میں اومیکرون ویریئنٹ کی تشخیص ہوئی۔ جس نے پچھلے 14 دنوں کے دوران متعدد مالز اور ریستورانوں کا دورہ کیا تھا۔

البتہ نیا سال شروع ہونے کے بعد مذکورہ شخص شہر سے باہر نہیں گیا تھا۔

نئی پابندی کا اطلاق رواں ماہ 22 جنوری سے مارچ کے آخر تک ہو گا جس کا مقصد اومیکرون ویریئنٹ کی بر وقت تشخیص ہے جو تیزی سے دنیا بھر میں پھیل رہا ہے۔

09:22 17.1.2022

بھارت: کرونا وائرس کا روایتی علاج، دریائے گنگا میں اشنان اور مقدس پانی کا چھڑکاؤ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

کرونا وائرس کی وبا نے جہاں دنیا بھر میں رہنے سہنے، ملنے جلنے اور معاشرتی طور طریقوں میں تبدیلیاں کی ہیں، وہیں اب مذہبی رسومات کی روایتی طریقوں سے ادائیگی کے انداز میں بھی تبدیلی کے لیے کوششیں ہو رہی ہیں۔

بھارت میں جزیرہ ساگر پر یاترا کے لیے آئے ہوئے ہزاروں ہندو یاتریوں پر ڈرونز کے ذریعے 'گنگا جل' یعنی دریائے گنگا کے پانی چھڑکاؤ کیا گیا جس کا مقصد دریائے گنگا پر اشنان کے لیے جانے والے یاتریوں کی تعداد کم کرنا تھا۔

ہندوؤں کے ایک بڑے مذہبی اجتماع کے دوران دور دراز سے آئے ہوئے لاکھوں یاتری ایک مذہبی فریضے کے طور پر دریا گنگا میں اشنان کرتے ہیں یا ڈبکی لگاتے ہیں۔

مگر اب کرونا وائرس کے تیز رفتار پھیلاؤ کے باعث لوگوں کے بڑے بڑے اجتماعات کو روکنے کے لیے متبادل طریقے ڈھونڈے جا رہے ہیں۔ جزیرہ ساگر میں ہونے والے مذہی اجتماع میں ڈورنز کے ذریعے یاتریوں پر گنگا جل کا چھڑکاؤ کیا گیا۔

مزید پڑھیں

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG