رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

14:09 27.1.2022

برطانیہ میں کرونا پابندیاں ختم

برطانیہ نے کرونا وائرس کی قسم امیکرون سے نمٹنے کے لیے عائد کی گئی پابندیاں جمعرات کو ہٹا لی ہیں جس کے بعد شہریوں کے عوامی مقامات پر ماسک پہننے کی پابندی بھی ختم کر دی گئی ہے۔

برطانیہ میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح میں تیزی سے کمی آئی تھی جس کے بعد حکام نے کرونا پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ کیا۔

برطانوی حکومت نے آٹھ دسمبر کو امیکرون کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر 'پلان بی' کے نام سے پابندیاں عائد کی تھیں۔

نئی پابندیوں کے تحت بند مقامات پر ماسک پہننے کی پابندی بھی ختم کر دی گئی ہے جب کہ نائٹ کلبوں، ریسٹورنٹس اور دیگر عوامی مقامات پر جانے کے لیے ویکسین سرٹیفکیٹ دکھانے کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔

البتہ کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں اب بھی پانچ روز کے لیے آئسولیشن اختیار کرنا ضروری ہے۔ وزیرِ اعظم بورس جانسن نے عندیہ دیا ہے کہ 24 مارچ کو یہ پابندی بھی ختم کر دی جائے گی۔

14:21 27.1.2022

امریکہ 112 ممالک کو کرونا ویکسین کی 40 کروڑ خوراکیں مفت فراہم کر چکا ہے: وائٹ ہاؤس

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکہ افریقی ممالک کینیا اور مراکش کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی 20 لاکھ سے زائد خوراکیں فراہم کرے گا۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے بدھ کو ایک بیان میں بتایا کہ اب تک امریکہ اس مہلک وبا کے مقابلے کے لیے دنیا کے 112 ممالک کو ویکسین کی 40 کروڑ خوراکیں عطیہ کر چکا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس بیماری سے بچاؤ کے لیے امریکہ دنیا کے دیگر ممالک کی مدد کے لیے قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ایک عہدے دار نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ جیسا کہ صدر بائیڈن واضح کر چکے ہیں کہ امریکہ کرونا وبا کے مقابلے کے لیے دنیا کے دیگر ممالک کی مدد جاری رکھے گا۔ اسی سلسلے کے تحت کینیا اور مراکش کو فائزر ویکسین کی 20 لاکھ خوراکیں فراہم کی جائیں گی۔ ان میں سے لک بھگ پانچ لاکھ 17 ہزار خوراکیں کینیا جب کہ 15 لاکھ سے زائد خوراکیں مراکش کو فراہم کی جائیں گی۔

14:57 27.1.2022

موڈرنا ویکسین کے امیکرون ویریئنٹ سے بچاؤ کے لیے کلینکل ٹرائلز

امریکی دوا ساز کمپنی 'موڈرنا' نے کرونا وائرس کی نئی قسم امیکرون کے خلاف بوسٹر شاٹس کے کلینکل ٹرائلز کا آغاز کر دیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ٹرائلز 600 بالغ افراد پر کیے جا رہے ہیں جن میں سے نصف چھ ماہ قبل تک موڈرنا ویکسین کی دو ڈوزز لگوا چکے ہیں۔ جب کہ نصف وہ ہیں جو دو ڈوزز کے علاوہ بوسٹر ڈوز بھی لگوا چکے ہیں۔

موڈرنا کا کہنا ہے کہ نئی بوسٹر ڈوز امیکرون ویریئنٹ سے نمٹنے کے لیے ویکسین کی تیسری اور چوتھی بوسٹر ڈوز کے طور پر استعمال کی جا سکے گی اور یہ وائرس کی بدلتی ہوئی ہیئت کے خلاف مؤثر ثابت ہو گی۔

اس سے قبل فائزر اور بائیو این ٹیک بھی اعلان کر چکے ہیں کہ وہ امیکرون کی بوسٹر ڈوز کی تیاری کا آغاز کر رہے ہیں۔

12:07 28.1.2022

آسٹریلیا میں ریکارڈ اموات

فائل فوٹو
فائل فوٹو

آسٹریلیا میں پہلی مرتبہ ایک روز کے دوران کرونا کے شکار 98 مریض دم توڑ گئے ہیں۔

آسٹریلیا میں گزشتہ کئی روز سے یومیہ لگ بھگ پانچ ہزار کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ جمعے کو 98 مریضوں کی ہلاکت کے بعد حکام نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافہ آئندہ چند روز تک جاری رہ سکتا ہے۔

آسٹریلیا میں کرونا وائرس سے ایک روز کے دوران سب سے زیادہ اموات 21 جنوری کو 87 رپورٹ ہوئی تھیں۔ لیکن جمعے کو ریاست وکٹوریا میں 39، نیو ساؤتھ ویلز میں 35، کوئنز لینڈ میں 18 اور دارالحکومت کینبرا میں ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا ان ملکوں میں شامل ہے جہاں بالغ افراد کے کرونا ویکسین لگانے کی شرح سب سے زیادہ ہے۔ آسٹریلیا کی کل آبادی میں 93 فی صد بالغ افراد ویکسین لگوا چکے ہیں جب کہ عالمی وبا سے اب تک آسٹریلیا میں 3500 اموات ہو چکی ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG