پاکستان میں کیسز میں مسلسل اضافہ
پاکستان میں گزشتہ چند روز کے دوران کرونا کیسز اور اموات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران آٹھ ہزار 183 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ وبا کے شکار 30 مریض دم توڑ گئے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھںٹوں کے دوران ملک بھر میں 68 ہزار 624 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے اور مثبت کیسز کی شرح 11 اعشاریہ نو دو فی صد رہی۔
حکام کے مطابق ملک میں اس وقت 1353 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پاکستان: کرونا سے مزید 29 اموات
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 29 مریض جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
وزارتِ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 64 ہزار 16 کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے سات ہزار 978 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
ملک میں اتوار کو کرونا کے یومیہ مثبت کیسز کی شرح 12 اعشاریہ چار چھ فی صد رہی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں ایک ہزار 455 مریض انتہائی نگہداشت وارڈز میں زیرِ علاج ہیں۔
بھارت میں دو لاکھ 34 ہزار سے زائد نئے مریض
بھارت میں کرونا وائرس کے مزید دو لاکھ 34 ہزار 281 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
اتوار کو وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا کے یومیہ مثبت کیسز کی شرح 14 اعشاریہ پانچ فی صد رہی ہے۔
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 893 مریض جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
علاوہ ازیں اتوار کو بھارت کی 75 فی صد بالغ شہریوں کی ویکسی نیشن مکمل ہو گئی ہے۔
نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے خود کو قرنطینہ کر لیا
نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے اتوار کو خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق جیسنڈا آرڈرن نے کرونا سے متاثرہ شخص سے رابطے میں رہنے کے بعد خود کو قرنطینہ کیا ہے۔
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم منگل تک سیلف آئسولیشن میں رہیں گی۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ میں اتوار کو کرونا کے 103 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔