کینیڈا کے وزیرِ اعظم بھی وائرس سے متاثر
کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے تصدیق کی ہے کہ ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق جسٹس ٹروڈو نے کہا ہے کہ وہ بہتر محسوس کر رہے ہیں البتہ وہ اپنے سرکاری امور گھر سے جاری رکھیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے ساتھ ساتھ ان کے دو بچے بھی کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
کینیڈا کے وزیرِ اعظم نے آن لائن پریس کانفرنس میں ملک میں کرونا پابندیوں اور ویکسین لگوانے کے خلاف جاری احتجاج پر بھی تنقید کی۔
جسٹن ٹروڈو کو کرونا ویکسین کی دو خوراکیں لگ چکی ہیں جب کہ انہوں نے کرونا کا بوسٹر شاٹ بھی لگوا لیا ہے۔
واضح رہے کہ کینیڈا میں ویکسین لگوانے اور کرونا کے حوالے سے عائد پابندیوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔
کرونا وائرس: پانچ برس سے کم عمربچوں کے لیے کتنا خطرہ؟
دنیا کے مختلف ممالک میں 18 سال سے کم عمر افراد کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ البتہ پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کا گروپ ایسا ہے جنہیں ابھی ویکسین لگانے کی منظوری نہیں دی گئی ہے اور اسی وجہ سے یہ بچے سب سے زیادہ غیر محفوظ ہیں۔ مزید جانیے اس رپورٹ میں۔
اومیکرون کی نئی قسم سے ویکسین شدہ افراد بھی متاثر ہو سکتے ہیں: نئی تحقیق
ڈنمارک میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا ہے کہ کرونا کی وائرس کے اومیکرون کے بی اے- ون ویریئنٹ کے مقابلے میں اس کی بی اے- ٹو قسم زیادہ تیزی سے پھیلتی ہے جب کہ اس سے ویکسین شدہ افراد بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس کے اومیکرون ویریئنٹ کی نئی قسم بی اے- ٹو ڈنمارک میں تیزی سے پھیلی ہے۔
دسمبر اور جنوری میں اس تحقیق میں ڈنمارک میں ساڑھے آٹھ ہزار گھرانوں کا جائزہ لیا گیا جس میں سامنے آیا کہ اومیکرون کی بی اے – ون قسم کے مقابلے بے اے – ٹو سے متاثر افراد دیگر کو زیادہ تیزی سے متاثر کرتے ہیں۔
دنیا بھر میں کرونا وائرس کے اومیکرون ویریئنٹ کی بے اے – ون کے کیسز 98 فی صد ہیں جب کہ بی اے – ٹو کے صرف دو فی صد کیسز سامنے آئے ہیں البتہ ڈنمارک میں دوسری قسم زیادہ تیزی سے پھیلی ہے۔
امریکہ کے شہریوں کو 12 ممالک کے سفر کے لیے انتباہ
امریکہ کے سینٹرز فار ڈیزز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) نے شہریوں کو میکسیکو، برازیل، سنگاپور، ایکواڈور، کوسو، فلپائن اور پیراگوئے سمیت 12 ممالک کے سفر پر انتباہ جاری کیا ہے۔
سی ڈی سی نے 130 ممالک کی فہرست بنائی ہے جہاں کرونا کے کیسز کی تعداد لیول فور یعنی بہت زیادہ ہے۔
امریکہ کی حکومت نے دسمبر کے بعد سے 60 ممالک اور علاقوں کو اس فہرست میں شامل کیا ہے جہاں شہریوں کو سفر کرنے سے گریز کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ان ممالک اور مقامات پر کرونا وائرس کے اومیکرون ویریئنٹ کے کیسز تیزی سے پھیلے ہیں۔