امریکہ: کرونا کے منفی اثرات کو کم کرنے میں معاون مسجد
امریکہ کے دارالحکومت میں شہریوں کی ایک بڑی تعداد کے ویکسین لگوانے کے باوجود وبا سے متاثرہ افراد کا گراف انتہائی تیزی سے اوپر گیا ہے۔ ایسے میں واشنگٹن ڈی سی میں بننے والی پہلی مسجد اپنے ارد گرد رہنے والوں کی کیسے مدد کر رہی ہے؟ جانتے ہیں 'لائف 360' میں صبا شاہ خان سے۔
کسی بھی ملک کا فتح کا اعلان قبل از وقت ہے: سربراہ ڈبلیو ایچ او
عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبراسس نے کہا ہے کہ 10 ہفتے قبل اومیکرون ویریئنٹ کی پہلی مرتبہ تشخیص کے بعد ڈبلیو ایچ او کو لگ بھگ نو کروڑ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
انہوں نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ یہ کیسز سال 2020 میں رپورٹ ہونے والے کیسز سے زیادہ تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کے بیشتر خطوں میں اموات میں تشویش ناک حد تک اضافہ دیکھ رہے ہیں۔ٹیڈروس کے مطابق یہ کسی بھی ملک کے لیے قبل از وقت ہے کہ وہ سرینڈر کرے یا فتح کا اعلان کرے۔
سربراہ ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ ہمیں یہ تحفظات ہیں کہ کچھ ممالک میں یہ نظریہ پایا جا رہا ہے کہ چونکہ ویکسی نیشن ہو گئی ہے اور اومیکرون کا پھیلاؤ بہت تیز ہے اور یہ کم مہلک ہے تو اس لیے اس کی منتقلی روکنا مزید ممکن نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وائرس کی زیادہ منتقلی کا مطلب زیادہ اموات ہیں۔ ہم کسی ملک سے کوئی نام نہاد لاک ڈاؤن کا مطالبہ نہیں کر رہے لیکن ہم تمام ممالک سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ اپنے لوگوں کا تحفظ کریں۔
چھ ماہ سے پانچ سال کے بچوں کے لیے کرونا ویکسین کی منظوری متوقع
ادویات کی منظوری دینے والا امریکی ادارہ (ایف ڈی اے) دوا ساز کمپنی فائزر پر چھ ماہ سے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کی کرونا وائرس ویکسین کی دو خوراکوں کے اجازت نامے کی ہنگامی منظوری پر زور دے رہا ہے، جبکہ تین خوراکوں کے کورس کے ڈیٹا کا انتظار ہے، تاکہ فروری کے آخر تک ٹیکے لگوانے کاطریقہ کار واضح ہو جائے۔
اس معاملے سے آگاہ ایک شخص نے خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کو بتایا کہ کمپنی کی جانب سے درخواست منگل تک جمع کرانے کی توقع تھی۔
فائزر کے ابتدائی ڈیٹا میں ظاہر ہوتا ہے کہ ویکسین جو قوت میں بڑوں کو لگائے جانے والی ویکسین کا دسواں حصہ ہے، محفوظ ہے اور مدافعتی ردعمل پیدا کرا ہے۔ لیکن گزشہ برس فائزر نے اعلان کیا تھا کہ اس کا دو خوراکوں کا ٹیکہ دو سے پانچ سال کی عمر کے بچوں میں کرونا وائرس کی روک تھام میں کے لیے کم کارگرثابت ہوئی ہے۔ اور ریگولیٹر نے کمپنی کو اس مطالعے میں تیسری خوراک کو شامل کرنے کی ترغیب دی تھی کہ ایک اور خوراک ویکسین کی اثرپزیری کو بڑوں کے بوسٹر کی طرح بڑھا دے۔
پاکستان میں کرونا سے متاثرہ 29 افراد کا انتقال
پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز میں کچھ حد تک کمی دیکھی جا رہی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 61 ہزار 190 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے چھ ہزار 47 مثبت آئے۔
ملک میں کرونا مثبت کیسز کی شرح نو اعشاریہ 88 فی صد رہی۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 29 افراد انتقال بھی کرگئے جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 29 ہزار 330 ہو گئی ہے۔