بھارت میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں تین فی صد کمی
بھارت میں کرونا وائرس کے مزید ایک لاکھ 61 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔
بھارت کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے ایک ہزار 733 مریض ہلاک ہوئے جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد چار لاکھ 97 ہزار 975 ہوگئی۔
بھارت میں مثبت کیسز کی شرح 9.26 فی صد رہی جو گزشتہ روز کے مقابلے میں تین فی صد کم ہے۔ بھارت میں وبا کے آغاز سے اب تک متاثرہ افراد کی تعداد چار کروڑ 16 لاکھ 30 ہزار 885 ہو چکی ہے۔
پاکستان کی 36 فی صد آبادی کی ویکسی نیشن
پاکستان میں 36 فی صد آبادی کی ویکسی نیشن کردی گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 12 لاکھ 54 ہزار 125 ویکسین کی خوراکیں لگائی گئیں۔
ملک میں اب تک کرونا ویکسین کی 17 کروڑ 74 لاکھ 20 ہزار 636 خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں مجموعی آبادی کا 36 فی صد اور اہل آبادی کا 54 فی صد ویکسین شدہ ہو چکا ہے۔
فرانس: کرونا پابندیوں میں نرمی، ماسک کی لازمی پابندی بھی ختم
فرانس میں کرونا وائرس کی پابندیوں میں بدھ سے نرمی کا آغاز ہو گیا ہے اور ماسک کی لازمی پابندی کو بھی ختم کردیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق کانسرٹ ہالز، کھیلوں کے مقابلوں اور دیگر تقریبات کے لیے محدود تعداد میں لوگوں کی پابندی بھی ختم کردی گئی ہے۔
اس کے علاوہ گھر سے کام کرنے کی لازمی پابندی اب مزید نہیں رہے گی۔ البتہ گھر سے کام کرنے کی اجازت ہو گی۔
فرانس میں کرونا پابندیوں میں نرمی کا اعلان ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب گزشتہ ماہ یومیہ ریکارڈ کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
بیجنگ گیمز: 55 اہلکار کرونا سے متاثر
بیجنگ اولمپکس کے باقاعدہ آغاز سے ایک روز قبل 55 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جو اب تک کے سب سے زیادہ یومیہ کیسز ہیں۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق بیجنگ 2022 کے طبی ماہرین کے پینل کے سربراہ برائن میک کلوسکی نے جمعرات کو کہا ہے کہ بدھ کو اولمپک گیمز سے تعلق رکھنے والے 55 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
بیجنگ اولمپکس کے باقاعدہ آغاز سے ایک روز قبل بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے اجلاس کو بتاتے ہوئے میک کلوسکی کا کہنا تھا کہ 29 کیس ایئرپورٹ سے آنے والے لوگوں میں پائے گئے ہیں جب کہ 26 کیسز وہ ہیں جو 'کلوزڈ لوپ' ببل میں ہیں۔ یہ ببل ایونٹ کے ایسے تمام افراد کو عوام سے دور رکھتا ہے جو اس کا حصہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تعداد بہت چھوٹی ہے۔ جب تمام شرکا پہنچ جائیں گے تو یہ تعداد کم ہونا شروع ہو جائے گی۔