رسائی کے لنکس

کرپٹو کرنسی نے روسی نوجوان کو 27 سال کی عمر میں ارب پتی بنا دیا


فوربز کے مطابق ایتھریم کرپٹو کرنسی کی قیمت میں اس سال کے آغاز سے اضافہ ہوا ہے اور اس میں لوگوں کی دلچسپی بڑھ رہی ہے۔
فوربز کے مطابق ایتھریم کرپٹو کرنسی کی قیمت میں اس سال کے آغاز سے اضافہ ہوا ہے اور اس میں لوگوں کی دلچسپی بڑھ رہی ہے۔

2013 میں روس میں رہنے والے ایک 19 سالہ نوجوان وٹالک یوٹرین نے ڈیجیٹل کرنسی کی ایک قسم اتھریم ایجاد کی تھی۔جسے کرپٹو کرنسی کی ایک اہم قسم سمجھا جاتا ہے۔ آج یہ نوجوان کرپٹو کرنسی کی وجہ سے دنیا کا سب سے کم عمر ارب پتی بن چکا ہے۔اس کی عمر 27 سال ہے ۔ وہ اب روس میں نہیں، کینیڈا میں رہتا ہے۔

کیا آپ جانتے ہیں کہ کرپٹو کرنسی کو دنیا میں لین دین کے امور کے غیر روایتی طریقے کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے اور اس سے متعلق کاروبار کرنے والے کم عمری میں کامیاب کاروباری شخصیات بن چکے ہیں۔

دھاتی سکوں یا کاغذ کے نوٹوں کے برعکس، جنہیں عام بازار میں ایک سے دوسرے ہاتھ کو منتقل کیا جا سکتا ہے، چرایا جا سکتا ہے، کرپٹو کرنسی ایک ڈیجیٹل اثاثہ ہے، جس کی انفرادی ملکیت کا اندراج ایک کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا بیس میں مضبوط کرپٹو گرافی کے ذریعے کیا جاتا ہے تاکہ ٹرانزیکشن کا ریکارڈ محفوظ رہے، مزید کرپٹو کوائن تیار نہ کئے جا سکیں، اور ڈیجیٹل کرنسی کی ملکیت کی تصدیق ہو سکے۔

روس کے وٹالک یو ٹرین کے پاس کرپٹو کرنسی اتھریم کے 3 لاکھ، 33 ہزار، پانچ سو کوائن ہیں۔ ایک کوائن کی قیمت مارکیٹ میں ’’کوائن مارکیٹ کیپ‘‘ ویب سائٹ کے مطابق پیر 10 مئی کے دن 4,150 ڈالر ہے۔ یوں وٹالک کے اثاثوں کی قیمت 1 ارب 38 کروڑ ڈالر کے قریب بنتی ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق وٹالک نے 2013 میں 19 برس کی عمر میں اتھریم کرپٹو کرنسی کوائن ایجاد کیا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے 2012 میں بٹ کوائن میگزین کی بنیاد ڈالی تھی۔ اس میگزین میں کرپٹو کرنسی کے متعلق خبروں کی اشاعت کی جاتی تھی۔

فوربز کے مطابق وٹالک بوٹرین کی پیدائش 1994 میں روس میں ہوئی اور وہ اپنے والدین کے ساتھ بعد میں کینیڈا منتقل ہو گئے اور وہیں ان کی پرورش ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ خبر رساں ادارے فوربز کے مطابق اس وقت ایتھریم کرپٹو کرنسی کی مارکیٹ میں کل قیمت 376 ارب ڈالر ہے۔ فوربز کے مطابق ایتھریم کرپٹو کرنسی کی قیمت میں اس سال کے آغاز سے اضافہ ہوا ہے۔ ادارے کے مطابق اس کی وجہ کرپٹو کرنسی میں لوگوں کی بڑھتی دلچسپی ہے۔

یاد رہے کہ دنیا کی پہلی کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی مارکیٹ میں اس وقت قیمت ’’کوائن مارکیٹ کیپ‘‘ ویب سائٹ کے مطابق 56 ہزار ڈالر سے زیادہ ہے۔

سی این این کے مطابق اگرچہ اس وقت مارکیٹ میں کئی طرح کی کرپٹو کرنسی میں لین دین کیا جا رہا ہے لیکن عالمی کرپٹو کرنسی کی 2 اعشاریہ 3 ٹریلین ڈالر کی مارکیٹ میں بٹ کوائن اور ایتھریم پر لگایا گیا سرمایہ اس کا دو تہائی بنتا ہے۔

سی این این کے مطابق کرپٹو کرنسی کے حامی ایتھریم، بٹ کوائن اور دیگر اقسام کی ڈیجیٹل کرنسی کو مستقبل میں لین دین کے روایتی طریقے کے متبادل کے طور پر پیش کرتے ہیں۔

فوربز کے مطابق گزشتہ ہفتے یوٹرین نےکرونا وائرس سے بچاؤ کے امدادی فنڈ میں بھارت کے لیے 6 لاکھ ڈالر کا عطیہ دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG