رسائی کے لنکس

بھارت اور سری لنکا میں سمندری طوفان سے 16 افراد ہلاک


فائل
فائل

امدادی اہلکاروں کے مطابق طوفان سے اب تک بھارت میں نو افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں سے پانچ کا تعلق تمل ناڈو اور چار کا کیرالہ سے ہے۔

بھارت اور سری لنکا میں آنے والے تباہ کن سمندری طوفان 'اوکھی' کے باعث کم از کم 16 افراد ہلاک اور سیکڑوں لاپتا ہو گئے ہیں۔

طوفان سے بھارت کی ریاستوں تمل ناڈو اور کیرالہ میں لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ حکام نے جمعے کو طوفان کے مزید شدت اختیار کر جانے کی وارننگ جاری کی ہے۔

امدادی اہلکاروں کے مطابق طوفان سے اب تک بھارت میں نو افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں سے پانچ کا تعلق تمل ناڈو اور چار کا کیرالہ سے ہے۔

طوفان کے باعث 130 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں کے نتیجے میں متاثرہ علاقوں میں ہزاروں درخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے جس کی وجہ سے بہت بڑے علاقے میں بجلی کا بحران پیدا ہو گیا ہے۔

بھارت کی وزیرِ دفاع نرملا سیتا رمن کے مطابق ملک کے جنوبی ساحل پر ماہی گیر کشتیوں کی تلاش میں بحری جہاز سمندر میں بھیجے گئے ہیں۔

ایک سرکاری اہلکار کے مطابق طوفان کے باعث سمندر میں جانے والی کئی کشتیاں لاپتا ہیں جن پر سوار افراد کی تعداد کم از کم بھی 100 کے لگ بھگ ہے۔ ساحلی محافظ دستوں نے اب تک 16 لاپتا ماہی گیروں کو تلاش کرکے ساحل پر پہنچایا ہے۔

طوفان کے سبب تمل ناڈو اور کیرالہ میں جمعے کو متعدد تعلیمی ادارے بند رہے۔ دونوں ریاستوں میں حکومتی مشینری کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

محکمۂ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں طوفان کے زیرِ اثر علاقوں میں مزید بارشوں کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG