رسائی کے لنکس

وی او اے کے جنوبی اور وسطی ایشیا ڈویژن کے سربراہ اکبر ایازی انتقال کر گئے


اکبر ایازی، فائل فوٹو
اکبر ایازی، فائل فوٹو

وائس آف امریکہ کے جنوبی اور وسطی ایشیا ڈویژن کے سربراہ اکبر ایازی پھیپھڑوں کے سرطان کے باعث اتوار کے روز انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 65 برس تھی۔

اکبر ایازی کو نمونیا کے باعث حالت بگڑنے پر جمعے کے روز اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں وہ اتوار کی شام انتقال کر گئے۔

افغان صدر اشرف غنی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مرحوم اکبر ایازی افغانستان میں صحافت کے بانیوں میں سے ایک تھے اور انہوں نے میڈیا کے شعبے میں مختلف اہم عہدوں پر انتہائی مہارت کے ساتھ خدمات انجام دیں۔ اشرف غنی نے کہا کہ مرحوم نے سوشل میڈیا کے ذریعے افغان عوام میں شعور پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

وائس آف امریکہ کی ڈائریکٹر امینڈا بینٹ نے اکبر ایازی کے انتقال کو ان کے خاندان کے علاوہ وی او اے کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے۔

وی او اے کی پروگرام ڈائریکٹر کیلو چاؤ نے اپنے پیغام میں کہا کہ اکبر ایازی کو نہ صرف ایک لیڈر بلکہ عزیز دوست کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ڈویژن کے پروگرام مینجر ایرک فلپس جنہوں نے پروگرام ڈائریکٹر کیلو چاؤ کے ہمراہ ہفتے کے روز اسپتال میں اکبر ایازی کی عیادت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا انتقال جنوبی اور وسطی ایشیا ڈویژن کیلئے ایک بڑا نقصان ہے۔

اکبر ایازی نے میڈیا میں اپنے کیریئر کا آغاز کابل یونیورسٹی میں اپنے زمانہ طالب علمی کے دوران کیا۔ وہ 1982 میں وائس آف امریکہ کے ساتھ منسلک ہوئے جہاں وہ جلد ہی وی او اے کی پشتو سروس کے سربراہ مقرر ہو گئے۔

انہیں 2005 میں پراگ میں ریڈیو فری ایشیا، یورپ / ریڈیو لبرٹی میں افغان سروس کا ڈائریکٹر مقرر کر دیا گیا اور پھر 2015 میں وہ وائس آف امریکہ کے جنوبی اور وسطی ایشیا ڈویژن کے سربراہ کے منصب پر فائز ہو گئے۔

اس ڈویژن میں انہوں نے دنیا بھر میں پرتشدد سیاسی انتہاپسندی کی رپورٹنگ کیلئے ’’ایکسٹریمزم واچ ڈیسک‘‘ کے نام سے خصوصی شعبہ بھی قائم کیا۔

مرحوم اکبر ایازی نے 2009 میں افغانستان میں صدارتی انتخاب کے سلسلے میں خصوصی مباحثے کی میزبانی کی جس میں اس وقت کے صدر حامد کرزئی، موجودہ صدر اور اس وقت کے صدارتی امیدوار اشرف غنی اور موجودہ چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ شریک ہوئے۔

مرحوم اکبر ایازی نے اپنے پیچھے اہلیہ، ایک بیٹے اور تین بیٹیوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔

XS
SM
MD
LG