رسائی کے لنکس

ڈاکٹروں نے بارہ سالہ بچے کا کٹا ہوا بازو جوڑ دیا


پٹسبرگ شہر سے 60 کلومیٹر کی دوری پر واقع ایک چھوٹے سے قصبے نوکس سے تعلق رکھنے والے سیتھ اپیل کا دائیں بازو ایک ہولناک حادثے میں کٹ کر علیحدہ ہو گیا تھا۔

امریکہ میں ایک بارہ سالہ لڑکے کا کٹا ہوا بازو ڈاکٹروں نے برف میں منجمد کر دیا تھا اور بعد میں اس کی پیوند کاری دوبارہ اصل جگہ پر کر دی ہے ۔

جدید سائنس کی دنیا میں حقیقی معجزات رونما ہونے لگے ہیں ایسا ہی ایک واقعہ امریکی ریاست پنسلوانیا میں پیش آیا ہے جہاں ماہر سرجنوں کی ٹیم نے ایک کامیاب آپریشن کے بعد سیتھ اپیل نامی لڑکے کا کٹا ہوا بازو پھر سے جوڑ دیا ہے اور لڑکے کو ہمیشہ کے لیے معذور ہونے سے بچا لیا ہے۔

پٹسبرگ شہر سے 60 کلومیٹر کی دوری پر واقع ایک چھوٹے سے قصبے نوکس سے تعلق رکھنے والے سیتھ اپیل کا دائیں بازو ایک ہولناک حادثے میں کٹ کر علیحدہ ہو گیا تھا۔

مقامی ذرائع ابلاغ ’سی بی ایس‘ پٹسبرگ کے مطابق مقامی اسپتال کے عملے نے لڑکے کا کٹا ہوا ہاتھ فوری طور پر برف میں منجمد کر دیا تھا جبکہ لڑکے کو پٹسبرگ کے ایک بچوں کے اسپتال ’یو پی ایم سی‘ میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے منتقل کیا گیا، جہاں ماہر سرجنوں کی ٹیم نے آٹھ گھنٹے تک جاری رہنے والے ایک کامیاب آپریشن کے بعد بازو کی پیوند کاری اس کی اصل جگہ پر کر دی۔

اطلاعات کے مطابق آپریشن کے بعد تین ہفتوں تک اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد سیتھ اپیل 26 نومبر واپس گھر آ گیا ہے۔

بازو کی کامیاب پیوند کاری کرنے والی سرجن لورلائی گرن والتھ نے کہا کہ لڑکے کا ہاتھ ٹھیک لگ رہا ہے لیکن بازو کی صحت یابی میں مہینوں یا سال لگ سکتے ہیں۔

ڈاکٹر لورلائی نے ذرائع کو بتایا کہ جب ہم خون کی شریانوں کو جوڑ رہے تھے تو اس وقت اس حادثے کو تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ گزر چکا تھا لیکن لڑکے کا ہاتھ بہتر حالت میں تھا جس کی وجہ سے ہمیں مائیکرو سرجری کے دوران خون کے بہاؤ کو بحال کرنے میں مدد ملی۔

سیتھ اپیل اس ماہ کے اوائل میں شدید زخمی ہو گیا تھا جب وہ اپنے گھر کے باہر ٹریلر کے خود کار طریقے کار ٹریکٹر بیلٹ کے ذریعے لکڑیاں اتارنے میں اپنے والد اور بھائی کی مدد کر رہا تھا کہ اس کی آستین مشین میں پھنس گئی اور اس کا ہاتھ مشین میں آکر بازو اور کہنی کے درمیان سے علیحدہ ہو گیا۔

سیتھ کے والد نے بتایا کہ وہ بہت زیادہ درد اور تکلیف میں تھا اور تکلیف کی شدت سے گھبرا کر مرنے کی باتیں کر رہا تھا لیکن ہم اسے حوصلہ دے رہے تھے۔

سیتھ کی ماں انجیلا اپیل نے کہا کہ ڈاکٹروں کو ابھی اس بات کا مکمل یقین نہیں ہے کہ سیتھ پہلے کی طرح اپنا ہاتھ مکمل طور پر استعمال کر سکے گا لیکن ہمیں یقین ہے کہ خدا نے اس کی بڑی مدد کی ہے اور آگے بھی وہی اس کی ضرورتوں کو پورا کرے گا ہم خدا کے بہت شکر گزار ہیں۔

سیتھ کی صحت یابی اور نیک خواہشات کے پیغامات کے لیے فیس بک پر ایک خصوصی صفحہ موجود ہے جہاں دنیا بھر سے لوگ سیتھ کی خیر خیریت دریافت کرتے ہیں اور اس کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھیج رہے ہیں۔

سیتھ بیس بال کھیلنے کا شوقین ہے اور اگلے سال مارچ میں ہونے والے ایک بڑے ٹورنامنٹ میں حصہ لینا چاہتا ہے لیکن اس کا کہنا ہے کہ اگر وہ مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہو سکا تو بھی وہ شو بنکر بن کر میچ کا حصہ ضرور بنے گا۔

XS
SM
MD
LG