رسائی کے لنکس

شمالی وزیرستان میں میزائل حملہ 10 ہلاک


شمالی وزیرستان میں میزائل حملہ 10 ہلاک
شمالی وزیرستان میں میزائل حملہ 10 ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں منگل کومشتبہ امریکی میزائل حملے میں کم از کم 10 مبینہ شدت پسندہلاک ہوگئے ۔ مقامی حکام کے مطابق بغیر پائلٹ کے امریکی جاسو س طیارے یا ڈرون سے داغے گئے ان میزائلوں کا ہدف میرانشاہ سے تقریبا 40 کلومیڑ کے فاصلے پر دتہ خیل کے علاقے میں جنگجوؤں کا ایک مشتبہ تربیتی مرکز تھا جس پر چار میزائل داغے گئے۔

ہلاک ہونے والوں کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی ہے تاہم اطلاعات کے مطابق اس میں غیر ملکی جنگجو بھی شامل ہیں۔

رواں سال اب تک شمالی وزیرستان میں مشتبہ امریکی جاسوس طیاروں سے کیے گئے 24 میزائل حملوں میں 140 سے زائد عسکریت پسند مارے گئے ہیں ۔ ان میزائل حملوں میں پاکستانی طالبان جنگجوؤں کے سربراہ حکیم اللہ محسود کے علاوہ القاعدہ اور افغان طالبان سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسند شامل ہیں۔

جب کہ گذشتہ سال اگست میں طالبان کمانڈر بیت اللہ محسود اپنی بیوی اور ساتھیوں سمیت اسی طرح کے ایک میزائل حملے میں ہلاک ہو گیاتھا۔

گذشتہ چھ سالوں کے دوران 114 سے زائد مشتبہ امریکی میزائل حملوں میں اطلاعات کے مطابق 850 جنگجوؤں سمیت 1200 سے زائد لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔

دریں اثناء امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورت حال کے باعث پشاور میں 25 مارچ سے شروع ہونے والے 31ویں قومی کھیل منسوخ کردیے گئے ہیں ۔ قومی کھیلوں کی نئی تاریخ اور جگہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG