رسائی کے لنکس

ایران اور پاکستان میں شدید زلزلہ، بلوچستان میں 12 ہلاک


امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز ایران میں سیستان کے علاقے سراوان میں تھا اس کی شدت 7.8 ریکارڈ کی گئی۔

ایران کے جنوب مشرق میں منگل کی سہ پہر آنے والے شدید زلزلے سے متعدد افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے جب کہ اس کی شدت پاکستان کے ایک بڑے حصے میں بھی محسوس کی گئی۔

ابتدائی طور پر ایران کے سرکاری میڈیا نے ہلاکتوں کی تعداد 40 بتائی تھی لیکن بعد میں ایران کے عہدیداروں نے زلزلے میں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور جانی نقصانات کی تصدیق نہیں کی۔

امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز ایران میں سیستان کے علاقے سراوان میں تھا اس کی شدت 7.8 ریکارڈ کی گئی۔

جس علاقے میں یہ زلزلہ آیا وہاں مواصلات کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے جس کی وجہ سے جانی نقصانات کے بارے میں متضاد اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔

پاکستان میں بلوچستان، اور پنجاب کے مختلف علاقوں سمیت کراچی میں بھی اس زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جب کہ اس کی شدت بھارت اور متحدہ عرب امارات میں بھی محسوس کی گئی۔

پاکستان کے سرکاری میڈیا کے مطابق صوبہ بلوچستان میں پنجگور اور ماشکیل کے علاقے میں خاتون اور بچوں سمیت 12 افراد ہلاک اور چالیس سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

زلزلے کی سب سے زیادہ شدت بلوچستان کے اُن اضلاع میں محسوس کی گئی جو ایران کی سرحد کے قریب واقع ہیں۔

زخمیوں کو پنجگور کے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ علاقے سے مزید تفصیلات سامنے آ رہی ہے۔

گزشتہ ہفتہ ایران کے جنوب مغرب میں آنے والے 6.3 شدت کے زلزلے میں 37 افراد ہلاک اور 850 زخمی ہو گئے تھے۔

پاکستان کے اقتصادی مرکز کراچی سمیت دیگر بڑے شہروں میں زلزلے کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بڑی تعداد میں لوگ اپنے گھروں، دفاتر اور دکانوں سے باہر سڑکوں پر آ گئے۔

امریکی وزیر ِ خارجہ جان کیری کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں پاکستان اور ایران میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ وزیر ِ خارجہ جان کیری نے یہ بھی کہا کہ امریکہ اس مشکل گھڑی میں پاکستان اور ایران کو کسی بھی نوعیت کی مدد چاہیئے تو امریکہ ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔
XS
SM
MD
LG