رسائی کے لنکس

چاکلیٹ دل کی صحت کے لیے اچھی ہے: ماہرین


اس مطالعے میں چاکلیٹ اور ڈارک چاکلیٹ یعنی دونوں طرح کی چاکلیٹ کھانے کے دل کی صحت پر مثبت اثرات ظاہر ہوئے ہیں۔

ایک نئی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ چاکلیٹ کی قابل ذکر مقدار کھانے سے دل کی صحت اچھی ہوتی ہے۔

مطالعے سے ظاہر ہوا ہے کہ جو لوگ ہر روز چاکلیٹ کھاتے ہیں ان میں دل کی بیماریوں اور فالج کا شکار ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

نئی تحقیق میں 'یونیورسٹی آف ایبرڈین' کے ماہرین نے دل کی صحت پر طویل عرصے تک چاکلیٹ کھانے کے اثرات معلوم کئے ہیں اور چاکلیٹ کھانے والوں میں دل کی بیماریوں اور فالج کےخطرے میں کمی دیکھی ہے۔

برطانوی سائنس دانوں کا یہ مطالعہ نار فوک کے25 ہزار مرد اور خواتین سے پر کرائے جانے والے سوالنامے پر مشتمل تھا جن سے سوال کیا گیا تھا کہ وہ ہر روز کتنی چاکلیٹ یا ہاٹ چاکلیٹ لیتے ہیں۔

محققین نے دل کی بیماریوں کی شرح دیکھنے کے لیے شرکا کی صحت کا 12 سال تک جائزہ لیا۔

تحقیق میں ہر پانچ میں سے ایک شریک کا کہنا تھا کہ اس نے کبھی چاکلیٹ نہیں کھائی۔ لیکن بہت سے دوسرے شرکا نے بتایا کہ وہ ہر روز 7 گرام اور کچھ کے بقول یومیہ 100 گرام تک چاکلیٹ کھاتے ہیں۔

سائنسی جریدے 'برٹش میڈیکل جرنل' کے ہارٹ میگزین میں محققین نے لکھا ہے کہ زیادہ چاکلیٹ کھانے والے بظاہر نوجوان اور کم وزن کےحامل تھے اور ان میں سوزش، ہائی بلڈ پریشر اور ذیاییطس کے امراض کم تھے۔

اعداد و شمار سے ظاہر ہوا کہ جو لوگ چاکلیٹ کھاتے تھے ان میں دل کی بیماریوں کا خطرہ 11 فیصد اور ان کے نتیجے میں ہونے والی ممکنہ اموات کا خطرہ 25 فیصد کم تھا۔

محققین نے تجویز کیا ہے کہ چاکلیٹ کی قابل ذکر مقدار کھانے سے فالج کا خطرہ 23 فیصد تک کم ہو سکتا ہے ۔

اس مطالعے میں چاکلیٹ اور ڈارک چاکلیٹ یعنی دونوں طرح کی چاکلیٹ کھانے کے دل کی صحت پر مثبت اثرات ظاہر ہوئے ہیں۔

محققین نے کہا ہے کہ کوکو میں - جس سے چاکلیٹ بنتا ہے - اینٹی آکسیڈنٹ کیمیکل پایا جاتا ہے جو ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے میں معاون ہے۔ یہ دل کی شریانوں کو سکڑنے سے روکتا ہے اور انھیں کشادہ کرتا ہے۔

لیکن محققین نے متنبہ کیا ہے کہ اگرچہ چاکلیٹ کھانے والوں کے دل کی بیماریوں میں مبتلا ہونے کا خطرہ کم ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ لوگ چاکلیٹ کے کئی پیکٹ خرید لائیں۔

تحقیق کے حوالے سے 'شیفیلڈ یونیورسٹی' کے کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ ٹم چیکو نے کہا کہ مجھے اس تحقیق سے جو پیغام ملا ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر آپ صحت مند ہیں اور اعتدال پسندی سے چاکلیٹ کھاتے ہیں تو یہ آپ کی دل کی بیماریوں میں اضافہ نہیں کرتی بلکہ اس سے الٹا کچھ فائدہ ہی ہو سکتا ہے۔

لیکن ڈاکٹر چیکو کے بقول وہ تحقیق کی روشنی میں اپنے ان مریضوں کو چاکلیٹ کھانے کا مشورہ نہیں دے سکتے جن کا وزن زیادہ ہے۔

XS
SM
MD
LG