رسائی کے لنکس

آٹھ سالہ بچے نے یوٹیوب سے دو کروڑ 60 لاکھ ڈالرز کما لیے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کا ایک آٹھ سالہ بچہ ریان کاجی یوٹیوب پر رواں سال سب سے زیادہ کمانے والی شخصیت بن گیا ہے۔ ریان نے اس پلیٹ فارم سے 2019 میں دو کروڑ 60 لاکھ ڈالرز سے زائد رقم کمائی ہے۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق بدھ کو 'فوربز میگزین' نے 2019 میں سب سے زیادہ پیسے کمانے والے یوٹیوب چینلز کی ایک فہرست شائع کی ہے جس میں ریان کاجی نامی بچے کا چینل سرِ فہرست ہے۔

فوربز کے مطابق ریان کاجی کا اصل نام ریان گوان ہے۔ ریان 2018 میں بھی یوٹیوب چینل سے سب سے زیادہ پیسے کمانے والی شخصیات میں اولین نمبر پر تھے۔ انہوں نے گزشتہ سال دو کروڑ 20 لاکھ ڈالرز کمائے تھے۔

ریان کے یوٹیوب چینل کا نام 'ریان کی دنیا' ہے۔ یہ چینل 2015 میں ریان کے والدین نے اس وقت بنایا تھا جب ریان صرف تین برس کا تھا۔ اس وقت اس چینل پر کھلونوں کو ڈبوں سے نکالنے اور ریان کی ان سے کھیلنے کی ویڈیوز پوسٹ کی جاتی تھیں۔

جیسے جیسے ریان کی عمر بڑھتی رہی، اس کا یوٹیوب چینل بھی بڑا ہوتا گیا۔ اب اس کے چینل کے سبسکرائبرز کی تعداد دو کروڑ 30 لاکھ کے لگ بھگ ہے۔

ریان کے یوٹیوب چینل پر کچھ ویڈیوز کو ایک ارب سے بھی زیادہ مرتبہ دیکھا گیا ہے جب کہ اس کا چینل بننے کے بعد سے اب تک تقریباً 35 ارب مرتبہ دیکھا گیا ہے۔

ریان اب اپنے یوٹیوب چینل پر بچوں کے لیے ایجوکیشنل ویڈیوز بناتا ہے اور بچوں کو نئی نئی چیزیں سکھانے کی کوشش کرتا ہے۔

ریان سے پہلے یوٹیوب سے سب سے زیادہ پیسے کمانے والے چینلز میں 'ڈیوڈ پرفیکٹ' نامی ایک چینل سرِ فہرست تھا جو اس سال دوسرے نمبر پر آیا ہے۔

یہ چینل ٹیکساس کے کچھ دوستوں نے بنایا ہے جو بہت مشکل سمجھے جانے والے کرتب کر کے دکھاتے ہیں۔ اس چینل نے رواں سال یوٹیوب سے دو کروڑ ڈالرز سے زائد رقم کمائی ہے۔

فہرست میں تیسرا نام ایک پانچ سالہ روسی بچی انسٹیزیا کا ہے جس نے رواں سال ایک کروڑ 80 لاکھ ڈالرز اپنے دو یوٹیوب چینلز سے کمائے ہیں۔

اس بچی کے دو یوٹیوب چینلز ہیں جو 'لائیک ناستیا وی لاگ' اور 'فنی اسٹیسی' کے نام سے ہیں۔ ان پر روسی انگریزی اور ہسپانوی زبان میں ویڈیوز پوسٹ کی جاتی ہیں۔

اس بچی کے دونوں چینلز کے سبسکرائبرز کی مجموعی تعداد سات کروڑ تک پہنچ چکی ہے۔

XS
SM
MD
LG