رسائی کے لنکس

ایما واٹسن آکسفورڈ یونیورسٹی کی 'وزیٹنگ فیلو' مقرر


آکسفورڈ یونیورسٹی میں ایک وزیٹنگ فیلو کی حیثیت سے اداکارہ ایما واٹسن اس درسگاہ میں ثقافتی زندگی کو شامل کرنے کے حوالے سے یونیورسٹی کے ساتھ مل کر کام کریں گی ۔

ہالی وڈ کی نامور اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر ایما واٹسن کو دنیا کی قدیم اور معتبر درستگاہ آکسفورڈ یونیورسٹی میں 'وزیٹنگ فیلو' مقرر کیا گیا ہے۔

آکسفورڈ یونیورسٹی میں ایک وزیٹنگ فیلو کی حیثیت سے اداکارہ ایما واٹسن اس درسگاہ میں ثقافتی زندگی کو شامل کرنے کے حوالے سے یونیورسٹی کے ساتھ مل کر کام کریں گی۔

25 سالہ اداکارہ ایما واٹسن کے ساتھ پیٹ شاپ بوائز بینڈ کے گلوکار نیل ٹیننٹ اور اداکار بینیڈکٹ کمبربیچ کو آکسفورڈ یونیورسٹی کی طرف سے 'لیڈی مارگریٹ ہال کالج' میں وزیٹنگ فیلو کی حیثیت سے تعینات کیا گیا ہے۔

شہرہ آفاق ناول سیریز پر بننے والی ’ہیری پوٹر‘ فلموں کے کردار 'ہرمایونی' سے شہرت حاصل کرنے والی برطانوی اداکارہ ایما واٹسن کے لیے آکسفورڈ یونیورسٹی نئی نہیں ہے۔

انھوں نے امریکہ کی براؤن یونیورسٹی میں تعلیم کے دوران 2011 میں آکسفورڈ یونیورسٹی کے وارسیسٹر کالج میں بھی تعلیمی سرگرمیوں شرکت کی تھی۔

لیڈی مارگریٹ ہال کالج کے پرنسپل ایلن رسبریجر نے کہا کہ یہ فنکار وزیٹنگ فیلو کی حیثیت سے یونیورسٹی میں کم از کم تین سال کام کریں گے اور یونیورسٹی میں سماجی تقریبات کے فروغ میں حصہ لیں گے۔

ایلن رسبریجر نے فنکاروں کے اس کردار کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اس جزوقتی ملازمت میں فنکار کبھی کبھار یونیورسٹی میں طلبہ کے ساتھ کھانے میں شریک ہوں گے اور طلبہ کی مختلف برادریوں سے غیر رسمی ملاقاتیں کریں گے جو بات چیت، مباحثے، پرفارمنس، لیکچر یا سمینار کی صورت میں بھی ہوسکتی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو مختلف پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے پیشے اور ان کی دنیا مختلف ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ یہ لوگ ہماری تعلیمی برادریوں اور اس دنیا کے درمیان ایک پل بنائیں جس میں یہ خود رہتے ہیں اور جس کی یہ نمائندگی کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG