رسائی کے لنکس

'منی بدنام ہوئی' کا توڑ نکل آیا ، 'شیلا کی جوانی' کے چرچے عام ہونے لگے


'منی بدنام ہوئی' کا توڑ نکل آیا ، 'شیلا کی جوانی' کے چرچے عام ہونے لگے
'منی بدنام ہوئی' کا توڑ نکل آیا ، 'شیلا کی جوانی' کے چرچے عام ہونے لگے

جی ہاں، فلم دبنگ کا گانا "منی بدنام ہوئی۔۔ ڈارلنگ تیرے لئے" اس وقت تک کا سب سے ہٹ گانا ہے مگر اب اس کی بادشاہت کا چیلنج کرنے کے لئے آگیا ہے فلم "شیلا کی جوانی" کا ٹائیٹل سونگ۔ فلم"تیس مار خاں " کے اس گانے کے چرچے بھارت میں تو عام ہونے لگے ہیں اب کچھ ہی دنوں کی بات ہے پاکستان میں بھی اس کا رسپانس ملنا شروع ہوجائے گا۔

"شیلاکی جوانی" فلم ایکٹریس کترینا کیف پر پکچرائز ہوا ہے اورجیسا کہ اب تک آپ سمجھ ہی گئے ہوں گے کہ یہ بھی آئٹم سونگ ہے۔

کترینا کیف کا کہنا ہے کہ اس گانے پر ڈانس کرنے کے لئے انہوں نے ایک نہیں، دو چار نہیں درجنوں فنکارائوں کے آئٹم گانے دیکھے مگر سب سے زیادہ انہیں پسند آئے مادھوری ڈکشت کے گانے۔

کترینا کا کہنا ہے کہ مادھوری ڈوب کر ڈانس کرتی ہیں۔ تاہم انہوں نے اس الزام کی تردید کی کہ "شیلا کی جوانی" میں انہوں نے مادھوری ڈکشت کو کاپی کیا ہے۔

اب اسے کترینا کی سادگی نہ کہا جائے تو کیا کہا جائے۔ ارے بھئی ظاہر ہے جب آپ کسی اور فنکار کو باربار دیکھیں گے اور پھر اسے اپنے ذہن میں بھی بٹھالیں گے تو کاپی کرنے کا الزام تو آہی سکتا ہے۔

#######

پانچ سو قسطیں ہوگئیں، پھر بھی ۔۔" یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے"

اسٹار پلس کے ڈرامہ سیریل "یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے" کی پانچ سو قسطیں آن آئیر ہوچکی ہیں، پھر بھی لوگ یہی پوچھ رہے ہیں کہ یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے۔۔ سیریلز دیکھنے والی خواتین کا کہنا ہے کہ سیریلز کی کہانی ایک جگہ فریز ہوگئی ہے۔

حقیقت میں ایسا ہی ہوا ہے۔ سیریل میں ایک امیر مگر روایتی گھرانا دکھایا گیا ہے جہاں بڑی دھوم دھام سے اس گھر کی لڑکی کی شادی ہوتی ہے۔ لڑکی دیکھنے کی رسم سے لے کر شادی کی تیاریوں تک سیریل کی تقریباً سو قسطیں نکل گئیں۔ پھر اللہ اللہ کرکے شادی ہوئی تو شادی کی رسم و رواج میں پچیس قسطیں نکل گئیں، پھر ایک لڑکی کے بعد دوسری لڑکی کی شادی ، دوسری کے بعد تیسری شادی۔۔۔ اور شادی شادی کھیلتے کھیلتے ہی ڈرامہ سیریل کی پانچ سو قسطیں ہوگئیں۔۔۔ آفرین ہے ان خواتین پر جو شروع سے اب تک یہ سیریل دیکھتی چلی آرہی ہیں۔۔۔ ورنہ سیریل کی کہانی تو بہت پیچھے ۔۔۔ بہت پہلے ختم ہوگئی تھی۔

#########

بالی ووڈ اداکارہ کرشمہ کپور اور ان کے شوہر سنجے کپور کے درمیان ایک مرتبہ پھر دوریاں پیداہوگئی ہیں۔ کہنے والے کہتے ہیں کہ سنجے ان دنوں کسی اورعورت میں دلچسپی لے رہے ہیں اس لئے کرشمہ ان کاگھر چھوڑ کر ممبئی میں اکیلی رہ رہی ہیں۔

اس عورت کا تعلق نیویارک سے ہے جہاں ان کے سابقہ شوہر ایک عالیشان ہوٹل کے مالک ہیں۔ سنجے کپور کو نئی دہلی کی کئی ہائی پروفائل پارٹیز میں بھی اس عورت کے ساتھ دیکھا گیا ہے ۔

دیکھنے والوں نے اندازہ لگایا ہے کہ بات اب دوستی سے آگے بڑھ گئی ہے تاہم کوشش کے باوجود لوگوں نے اس عورت کا نام نہیں بتایا صرف اشاروں اشاروں میں ہی باتیں ہورہی ہیں۔ کچھ تو یہاں تک اشارہ دیتے ہیں کہ وہ عورت ماڈلنگ بھی کرتی ہے۔

واضح رہے کہ کرشمہ اور سنجے کپور کی شادی بھی سن 2003ء میں بالکل اچانک ہوئی تھی یہاں تک کہ کرشمہ نے ابھیشیک بچن سے اپنی منگی بھی توڑ دی تھی۔

سنجے کی کرشمہ کے ساتھ دوسری شادی تھی۔ ان کی پہلی بیوی فیشن ڈیزائنر نندیتا مہتانی تھیں جنہیں سنجے نے کرشمہ سے شادی سے کچھ ہی دن قبل طلاق دے دی تھی۔

XS
SM
MD
LG