رسائی کے لنکس

سوشل میڈیا کمپنی فیس بک کا نام تبدیل کرنے پر غور: رپورٹ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

معروف سوشل میڈیا کمپنی 'فیس بک انک' کا نام اب شاید فیس بک نہ رہے۔ کیوں کہ کمپنی اپنا نام تبدیل کرنے پر غور کر رہی ہے۔ نام کی تبدیلی کا مقصد فیس بک کی شناخت کو تبدیل کرنا ہے تاکہ وہ صرف ایک سوشل میڈیا کمپنی کے طور پر نہ جانی جائے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' نے ٹیکنالوجی کی معلومات دینے والی امریکی ویب سائٹ 'دی ورج' کے حوالے سے خبر دی ہے کہ فیس بک کی 28 اکتوبر کو ہونے والی سالانہ 'کنیکٹ کانفرنس' میں کمپنی کے مالک مارک زکر برگ کمپنی کے نام کی تبدیلی پر بھی بات کریں گے۔

'دی ورج' کے مطابق کمپنی کا نیا نام فی الحال تو صیغۂ راز میں ہے لیکن سالانہ کانفرنس سے قبل منظرِ عام پر آسکتا ہے۔ نام کی تبدیلی کے بعد فیس بک کی سوشل میڈیا ایپلی کیشن پیرنٹ کمپنی کی ملکیت مختلف مصنوعات میں سے ایک بن کر رہ جائے گی جیسے انسٹاگرام یا واٹس ایپ وغیرہ۔

البتہ فیس بک نے اس خبر پر کوئی رائے دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 'افواہوں اور قیاس آرائیوں' پر تبصرہ نہیں کریں گے۔

فیس بک کے نام کی تبدیلی کی یہ خبریں ایسے موقع پر سامنے آئی ہیں جب امریکی حکومت فیس بک کی کاروباری پالیسیوں پر اسکروٹنی بڑھا رہی ہے اور امریکی کانگریس میں بھی فیس بک پر بات ہو رہی ہے۔

واضح رہے کہ فیس بک کے 10 ہزار سے زائد ملازمین ہارڈ ویئرز پر کام کر رہے ہیں جن میں حال ہی میں متعارف کرائے گئے 'اے آر گلاسز' ہیں۔ جن کے بارے میں مارک زکر برگ کو یقین ہے کہ یہ اسمارٹ چشمے جلد ہی موبائل فونز کی طرح دنیا بھر میں دکھائی دیں گے۔

مارک زکر برگ نے رواں برس جولائی میں 'دی ورج' کو بتایا تھا کہ آئندہ کچھ برسوں میں وہ کچھ واضح تبدیلیاں کریں گے تاکہ لوگ فیس بک کو صرف ایک سوشل میڈیا کمپنی کے طور پر نہ دیکھیں بلکہ کمپنی کی شناخت ایک 'میٹاورس' یعنی ورچوئل ماحول کی حامل ٹیکنالوجی کمپنی کے طور پر ہو۔

اگر فیس بک اپنا نام تبدیل کرتی ہے تو وہ یہ کام کرنے والی کوئی پہلی بڑی کمپنی نہیں ہو گی بلکہ اس سے قبل 2015 میں گوگل نے بھی اپنی پیرنٹ کمپنی کا نام 'ایلفابیٹ' کر دیا تھا تاکہ اس کی شناخت صرف ایک سرچ انجن کے طور پر نہ ہو۔ سن 2016 میں اسنیپ چیٹ نے بھی کمپنی کا نام بدل کر 'اسنیپ انک' کیا تھا۔

واضح رہے کہ فیس بک حالیہ کچھ عرصے کے دوران میٹاورس کے آئیڈیا کو پروموٹ کر رہی ہے۔ صرف دو روز قبل ہی فیس بک نے میٹاورس پر کام کے لیے یورپ میں 10 ہزار ملازمین بھرتی کرنے کا اعلان کیا تھا اور مارک زکربرگ بھی میٹاورس کی بات کر چکے ہیں۔

لیکن میٹاورس کی اصطلاح کا مطلب اکثر لوگ نہیں جانتے۔ یہ اصطلاح سائنس اور فکشن لکھنے والے ایک ناول نگار نیل اسٹیفنسن نے حقیقی دنیا سے ورچوئل دنیا میں جانے والے لوگوں کے لیے متعارف کرائی تھی جو اب دنیا کی بڑی کمپنیاں استعمال کر رہی ہیں۔

اس خبر میں شامل بعض معلومات 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG