رسائی کے لنکس

یوکرینی فوج اور باغیوں کے درمیان لڑائی میں شدت


یوکرین کی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ ملکی فوج نے باغیوں کے زیر ِ تسلط شہر لوہانسک کے قریبی دیہاتوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے

مشرقی یوکرین کے علاقے لوہانسک کے قریب یوکرین کی فوج اور باغیوں کے درمیان لڑائی میں شدت آگئی ہے۔ دونوں فریقوں کے درمیان لڑائی میں اس وقت اضافہ ہوا جب یوکرین کی فوج باغیوں کے زیر ِتسلط علاقے خالی کرانے کی کوشش میں ہے۔

باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے یوکرین کے ایک فوجی طیارے کو مار گرایا ہے۔ دوسری طرف یوکرین کے سیکورٹی عہدیداروں نے اعلان کیا کہ ان کا رابطہ فوجی طیارے سے ختم ہو گیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کی جانب سے پیر کو جاری کردہ ایک وڈیو میں یوکرین کی فوجی گاڑیوں کو بھی تباہ شدہ حالت میں دکھایا گیا ہے۔

دوسری طرف، یوکرین کی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین کی فوج نے باغیوں کے زیر ِتسلط شہر لوہانسک کے قریب دیہاتوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

یوکرین کے صدر پیٹرو پوروشینکو نے پیر کے روز سیکورٹی سربراہان کے ساتھ ملاقات کی جس میں یوکرینی صدر نے روسی فوجی عہدیداروں پر الزام عائد کیا کہ روسی فوجی باغیوں کے ساتھ لڑ رہے ہیں اور انہیں مضبوط بنا رہے ہیں۔ یوکرین کے صدر نے روس کو مشرقی یوکرین میں شورش پھیلانے کا سبب بھی قرار دیا۔

یوکرین کے صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ روس نے اپنا میزائل سسٹم یوکرین کی فوج کے خلاف استعمال کیا ہے۔

یوکرین کی جانب سے روس پر یہ الزام ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب روس نے یوکرین پر یہ الزام عائد کیا ہے کہ یوکرین کی جانب سے سرحد پار سے ہونے والے ایک حملے میں ایک روسی شہری ہلاک ہوا ہے۔

روس کی جانب سے یوکرین کو روسی شہری کی ہلاکت کے ’نتائج بھگتنے‘ کی دھمکی بھی دی گئی۔

یوکرین کی جانب سے ایسے کسی بھی حملے کی تردید کی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG