رسائی کے لنکس

ملائیشیا: مدرسے میں آگ لگنے سے 22 طلبہ ہلاک


متاثرہ مدرسے کی عمارت
متاثرہ مدرسے کی عمارت

کوالالمپور پولیس کے سربراہ امر سنگھ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 13 سے 17 سال کی عمر کے 22 طلبہ اور دو اساتذہ شامل ہیں۔

ملائیشیا میں ایک مدرسے کی رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 22 طلبہ سمیت 24 افراد دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق واقعہ جمعرات کو علی الصباح دارالحکومت کوالالمپور کے نزدیک پیش آیا۔ آتشزدگی کی بظاہر وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جارہی ہے۔

آگ بجھانے والے عملے کے ایک افسر ابو عبیدہ محمد نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ آگ مدرسے کے طلبہ کی تین منزلہ رہائشی عمارت کی سب سے بالائی منزل کے داخلی راستے پر لگی۔

انہوں نے بتایا کہ عمارت سے نکلنے کا واحد راستہ آگ کی وجہ سے بند ہوگیا تھا جب کہ عمارت کی کھڑکیوں میں جالیاں نصب تھیں جس کے باعث عمارت کے اندر پھنس جانے والے افراد باہر نہ نکل سکے۔

کوالالمپور پولیس کے سربراہ امر سنگھ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 13 سے 17 سال کی عمر کے 22 طلبہ اور دو اساتذہ شامل ہیں۔

پولیس چیف نے صحافیوں کوبتایا کہ بظاہر لگتا ہے کہ یہ تمام افراد دھویں کے باعث دم گھٹنے سے ہلاک ہوئے جس کے بعد آگ نے ان کی لاشوں کو بھی جھلسادیا۔

پولیس حکام نے بتایا ہے کہ عمارت میں پھنسے 14 طلبہ اور چار اساتذہ کو زندہ بچالیا گیا ہے لیکن ان میں سے چھ کی حالت تشویش ناک ہے۔

حکام کے مطابق دارالقرآن اتفاقیہ نامی مدرسے میں ناظرہ اور حفظِ قرآن کی تعلیم دی جاتی تھی اور مدرسے کی انتظامیہ نے شہری حکومت کو عمارت کے حفاظتی انتظامات بہتر بنانے کے لیے تعمیراتی کام کی اجازت دینے کی درخواست دے رکھی تھی۔

XS
SM
MD
LG