رسائی کے لنکس

کیلیفورنیا: کلب میں آتشزدگی سے درجنوں ہلاکتوں کا خدشہ


آگ اس قدر تیزی سے بھڑکی اور پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا کہ آگ بجھانے والے عملے کے 55 کارکنوں کو آتشزدگی پر قابو پانے میں چار گھنٹے لگے۔

امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا میں آتشزدگی کے باعث کم از کم نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد 40 تک پہنچ سکتی ہے۔

یہ واقعہ جمعہ کو دیر گئے آکلینڈ شہر میں واقع ایک گودام جس کو بعد ازاں آرٹسٹ اسٹوڈیو میں تبدیل کر دیا گیا تھا، میں پیش آیا اور اس وقت یہاں ایک پارٹی جاری تھی۔

آکلینڈ میں آگ بجھانے کے محکمے کی سربراہ ٹریسا ڈیلوک ریڈ کا کہنا تھا کہ کم از کم 25 افراد لاپتا ہیں جو حکام کے خیال میں شہر کی حالیہ تاریخ کی بدترین آتشزدگی میں مارے جا چکے ہیں۔

تاحال آتشزدگی کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی ہیں لیکن ایسے واقعات کی تحقیقات کرنے والے تفتیش کاروں نے بھی یہاں اپنی کارروائی شروع کر دی ہے۔

حکام کے مطابق جائے وقوع پر آتشزدگی کے وقت ڈانس پارٹی جاری تھی اور عمارت سے ہنگامی حالت میں نکلنے کا صرف ایک ہی راستہ تھا جو دوسری منزل سے لکڑی کے تختوں سے بنایا گیا تھا۔

الامیڈا کاونٹی کے شیرف کے ترجمان سارجنٹ رے کیلے کا کہنا تھا کہ "بظاہر ایسا لگتا ہے کہ یا تو آپ یہاں سے نکل جائیں یا پھر پھنسے رہیں۔"

آگ اس قدر تیزی سے بھڑکی اور پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا کہ آگ بجھانے والے عملے کے 55 کارکنوں کو آتشزدگی پر قابو پانے میں چار گھنٹے لگے۔

ٹریسا ریڈ کا کہنا تھا کہ تاحال اس پوری عمارت کا مکمل جائزہ نہیں لیا جا سکا ہے جس کی چھت بھی گر چکی ہے اور اسی باعث اہلکاروں کو کام میں فی الوقت دشواری کا سامنا ہے۔

"تاحال اس عمارت میں داخل ہونے کے راستے بہت ہی کم ہیں اور یہ بہت خطرناک ہیں۔"

آگ بجھانے والے عملے نے ہفتہ کو بڑے آروں کے ساتھ عمارت کے ملبے کو کاٹ کر عمارت میں داخل ہونے کی راہ بنائی اور یہ معلوم ہوا کہ یہاں آگ بجھانے کا انتظام نہیں تھا۔

حکام کے مطابق اس عمارت میں لگ بھگ پچاس لوگ رہائش رکھے ہوئے تھے جب کہ جمعہ کو ہونے والی پارٹی کے لیے فیس بک پر جاری کیے گئے ایک پیغام سے پتا چلتا ہے کہ واقعے کے وقت یہاں کم ازکم 176 افراد موجود تھے۔

XS
SM
MD
LG