رسائی کے لنکس

بھارت: مندر میں آتش زدگی، 100 سے زائد افراد ہلاک


بتایا جاتا ہے کہ ہر سال اس مندر میں مختلف گروپوں کے درمیان آتشبازی کا مقابلہ ہوتا ہے جو کہ ایک ہندو دیوی بھدرکالی سے منسوب سات روزہ تہوار کے آخری روز منعقد کیا جاتا ہے۔

بھارت کی جنوبی ریاست کیرالا میں اتوار کو علی صبح ایک مندر میں آتشزدگی سے لگ بھگ ایک سو افراد ہلاک اور دو سو سے زائد زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق ضلع کولام کے پاراوورا گاؤں میں واقع پوٹنگل مندر میں یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک تہوار کے سلسلے میں یہاں ہزاروں لوگ جمع تھے اور آتشبازی کی جا رہی تھی۔

اسی دوران آتشبازی کے سامان میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے مندر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ بھڑک اٹھنے سے آتشبازی کے سامان میں کئی زوردار دھماکے بھی ہوئے جس کی وجہ سے مندر کی چھت کا ایک حصہ اور عبادت گاہ کی انتظامیہ کا دفتر زمین بوس ہو گیا۔

آگ بجھانے والے عملے نے کئی گھنٹوں کی تگ و دو کے بعد بعد آگ پر قابو پالیا جب کہ امدادی کارکن جائے وقوع سے زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کرتے رہے۔

امدادی کارروائیوں میں مسلح افواج کے اہلکار بھی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ بحریہ کے ترجمان ڈی کے شرما نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ شدید زخمیوں کو ریاست کے دیگر بڑے اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

"زخمیوں کو لے جانے کے لکیے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے کولام سے تری وندرم لے جایا جا رہا ہے جہاں سے انھیں کوچن منتقل کر دیا جائے گا۔ بحریہ کی کشتیوں کے ذریعے طبی عملہ اور سامان پہلے ہی متاثرہ مقام پر پہنچا دیا گیا ہے۔"

وزیراعظم نریندر مودی نے اس واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت امدادی سرگرمیوں میں ریاستی حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

ان کے بقول واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں کو چوکس کر دیا گیا تھا۔

بتایا جاتا ہے کہ ہر سال اس مندر میں مختلف گروپوں کے درمیان آتشبازی کا مقابلہ ہوتا ہے جو کہ ایک ہندو دیوی بھدرکالی سے منسوب سات روزہ تہوار کے آخری روز منعقد کیا جاتا ہے۔

رواں سال یہ مقابلہ بغیر اجازت کے منعقد ہوا تھا کیونکہ ریاست کی عدالت عالیہ نے مندروں میں اس طرح کی آتشبازی پر قدغن لگا رکھی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔

XS
SM
MD
LG