رسائی کے لنکس

بھارت: ریل گاڑی اور ٹرک میں تصادم سے پانچ افراد ہلاک


اس حادثے میں کرناٹک کی قانون ساز اسمبلی کے رکن، ٹرک ڈرائیور اور تین دیگر افراد ہلاک ہوئے۔

بھارت میں ایک ریل گاڑی اور ٹرک کے درمیان تصادم میں کرناٹک کی ریاستی اسمبلی کے رکن وینکٹاش نیاک سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ جنوبی ریاست آندھرا پردیش کے اننتاپورا کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب ایک ریلوے کراسنگ سے گرزتے ٹرین ایک ٹرک سے ٹکرا گئی جس پر گرینائٹ پتھر لدا ہوا تھا۔

اس حادثے میں 25 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں اور یہ اس ماہ ہونے والا ریل کا دوسرا مہلک حادثہ تھا۔

اس حادثے میں کرناٹک کی قانون ساز اسمبلی کے رکن نیاک، ٹرک ڈرائیور اور تین دیگر افراد ہلاک ہوئے۔

بتایا جاتا ہے کہ ٹرک ڈرائیور مبینہ طور نشہ کے حالت میں تھا اور وہ ریلوے کراسنگ کے بند گیٹ نہیں دیکھ سکا۔

بھارت کے ریلوے کے وزیر سریش پرابو کا نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ حادثہ ٹرک ڈرائیور کی غلطی کی وجہ سے پیش آیا ہے۔

اس سے قبل رواں ماہ بھارت کے وسطی علاقے میں ریل کے حادثے میں 27 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

بھارت کا ریلوے نظام دنیا میں سب سے بڑا نظام ہے اور یہ بھارت میں دور دراز کے علاقوں میں سفر کا ایک بڑا ذریعہ ہے، تاہم بتایا جاتا ہے کہ اس شعبے کو فنڈز کی کمی کا سامنا ہے اور ریل گاڑیوں کے مہلک حادثات ایک معمول کی بات ہیں۔

تاہم بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ ریلوے کے نطام کو جدید بنانے کے کے لیے اس شعبے میں وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG