رسائی کے لنکس

فرانس: برقعے کے تنازعے پر ملک کی شہریت دینے سے انکار


فرانس کا قانون حکام کو اس بات کی اجازت دیتاہے کہ وہ ملک کی شہریت کے لیے ایسے لوگوں کی درخواستیں نامنظور کرسکتے ہیں، جو فرانس کی اقدار کا احترام نہ کرتے ہوں:فرانسسی وزیر اعظم

فرانس کے وزیرِ اعظم فرانسوا فِلاں نےکہا ہے کہ وہ انتظامیہ کے ایک حکم پر دستخط کرکے اُس آدمی کو فرانس کی شہریت دینے سے انکار کردیں گے ، جس نے اپنی بیوی کو برقعہ اوڑھنے پر مجبور کیا تھا۔

مسٹر فِلاں نے بدھ کے روز یورپ وَن ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ فرانس کا قانون حکام کو اس بات کی اجازت دیتاہے کہ وہ ملک کی شہریت کے لیے ایسے لوگوں کی درخواستیں نامنظور کرسکتے ہیں، جو فرانس کی اقدار کا احترام نہ کرتے ہوں۔

فرانس کے اِمّی گریشن کے وزیر ایرِک بی سوں نے منگل کے روز کہا تھا کہ وہ اُس آدمی کی درخواست کو ، جس کا انہوں نے نام نہیں بتایا ، اس بنیاد پر نامنظور کردیں گے کہ اُس نےسیکیولرزم اور عورت اور مرد کے درمیان مساوات کو ردّ کیا ہے۔

پچھلے ہفتے فرانس کے ایک پارلیمانی کمیشن نے برقعے پر کوئى جزوی پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔مجوزہ قانون کے تحت ہسپتالوں ، سکولوں اور پبلک ٹرانسپورٹ سمیت، لوگوں کو خدمات فراہم کرنے والے تمام مقامات پر برقعہ اوڑھنے کی ممانعت کردی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG