رسائی کے لنکس

نئی دہلی: 200 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی مفت


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں عام آدمی پارٹی کی ریاستی حکومت نے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو مفت بجلی دینے کا اعلان کیا ہے۔

نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے اعلان کیا ہے کہ 200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی بالکل مفت ہو گی۔

جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے اروند کجریوال نے کہا کہ ایسا اس لیے ممکن ہوا ہے کہ دہلی کے عوام نے بدعنوانی سے پاک حکومت منتخب کی ہے۔

واضح رہے کہ عام آدمی پارٹی کی حکومت کا اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب نئی دہلی میں چھ ماہ بعد ریاستی اسمبلی کے انتخابات ہونے والے ہیں۔

علاوہ ازیں، کجریوال نے اپنی ایک ٹوئٹ میں مسلسل پانچ سال تک بجلی کے نرخ میں اضافہ نہ ہونے پر نئی دہلی کے عوام کو مبارک باد دی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ پورے ملک میں سب سے سستی بجلی اب دہلی میں دستیاب ہے۔ دہلی پورے ملک میں واحد جگہ ہے جہاں بجلی 24 گھنٹے دستیاب ہے۔

بھارت کے اخبار 'ٹائمز آف انڈیا' کے مطابق، وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ 2013 میں صارفین 200 یونٹس کے عوض 928 روپے بل ادا کر رہے تھے جو 2019 میں کم کر کے 622 روپے کر دیا گیا تھا۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا ہے کہ اگست 2019 سے بجلی کے 200 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی بالکل مفت ہو گی۔

اروند کجریوال کا کہنا ہے کہ 201 سے 400 یونٹس استعمال کرنے والوں کے لیے 50 فیصد سبسڈی دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماہانہ 1200 یونٹس سے زائد استعمال کرنے والے صارفین 25 پیسے فی یونٹ زیادہ ادا کریں گے۔

کجریوال کے مطابق گرمیوں میں 35 فیصد صارفین 200 یونٹس سے کم بجلی استعمال کرتے ہیں، جب کہ یہ تعداد سردیوں میں 70 فیصد تک پہنچ جاتی ہے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ 200 سے 300 کے درمیان یونٹس استعمال کرنے والے صارفین اب سوچیں گے کہ اگر انہوں نے بجلی کی بچت کی تو ان کا ماہانہ بل صفر ہو جائے گا۔

اروند کجریوال کے بقول "یہ بجلی کی بچت کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔"

بھارت کے اخبار 'دی ہندو' کے مطابق اسمبلی انتخابات سے چھ ماہ قبل اس اعلان سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے اقتدار سنبھالا تو توانائی کا شعبہ بری حالت میں تھا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی تھی۔ ان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے بجلی کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG