رسائی کے لنکس

یوگا کا پہلا عالمی دن


فائل فوٹو
فائل فوٹو

توقع کی جارہی ہے کہ دنیا بھر میں امریکہ اور فرانس سمیت 170 ممالک میں یوگا کی مشقوں کے لیے اجتماع ہوں گے۔

بھارت کے دارالحکومت دہلی میں یوگا کے پہلے عالمی دن کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

اتوار کو پہلی بار دنیا بھر میں یوگا کا عالمی دن منایا جا رہا ہے اور اس موقع کی مناسبت سے مختلف ممالک میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اتوار کو دہلی میں راج پتھ پر منعقد ہونے والی ایک تقریب میں شرکت کی۔ اس تقریب میں 35,000 سے زائد افراد نے یوگا ورزش کے لیے مختلف رنگوں کی چٹائیاں بچھائیں جن پر یوگا کے مختلف انداز میں ورزش کی۔

وزیر اعظم مودی جو اس موقع پر سفید کُرتے اور پاجامے میں ملبوس تھے، نے بھی اس تقریب میں شریک لوگوں کے ساتھ مل کر ورزش کی۔

شرکاء سے اپنے خطاب میں مودی نے کہا کہ "اس پروگرام کا مقصد صرف انسانی فلاح، دنیا کے دباؤ سے آزاد کروانا اور محبت، امن اور اتحاد و خیر سگالی کا پیغام پھیلانا ہے"۔

تاہم کئی سرگرم ارکان اور دوسری برادری کے لوگوں کا کہنا ہے کہ مودی کے سخت گیر ہندو قوم پرست یوگا کو دوسری برادری کے ارکان اور اسکولوں میں نافذ کرنا چاہتے ہیں۔

جبکہ کئی دوسرے لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ذاتی زندگی میں اس قدیم نظم و ضبط پر عمل کرتے ہیں اور اس کے لیے انہیں مودی کی ضرورت نہیں ہے جو انہیں یہ بتائے کہ کیا کرنا ہے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ دنیا بھر میں امریکہ اور فرانس سمیت 170 ممالک میں یوگا کی مشقوں کے لیے اجتماع ہوں گے اور نیویارک کے ٹائم اسکوائر میں ہونے والی ایک ایسی ہی تقریب میں بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج شرکت کریں گی۔

XS
SM
MD
LG