رسائی کے لنکس

امدادی بحری بیڑے پر اسرائیلی حملےکے خلاف بھارت میں احتجاجوں کا سلسلہ جاری


بھارت
بھارت

امدادی سامان غزہ لے جانے والے بحری بیڑے پر اسرائیلی حملے کے خلاف بھارت میں احتجاجوں کا سلسلہ جاری ہے۔

بدھ کے روز فلسطین کے ساتھ یک جہتی کی تنظیم کے زیرِ اہتمام نئی دہلی میں انڈیا گیٹ سے اسرائیلی سفارت خانے تک مارچ کیا گیا جس میں مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ آزاد تجارت کامعاہدہ ختم کردے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سینئر کمیونسٹ رہنما سیتارام یچوری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تمام تر فوجی، اقتصادی اور تجارتی تعلقات منقطع کردے ، جب کہ کمیٹی کے سینئر عہدے دار بربیر پکائشت نے اسرائیلی اقدام کو مجرمانہ اور دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا۔

ادھر، مسلم تنظیموں کی جانب سے بھی اسرائیلی کارروائی کی مذمت کی جارہی ہے۔ جماعتِ اسلامی ہند، جمعیت علمائے ہند، جمیعت اہلِ حدیث، آل انڈیا مِلی کونسل اور متعدد تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطین کے ساتھ یکجہتی کی پالیسی کو کمزور نہ ہونے دے، جب کہ شاہ ولی اللہ انسٹی ٹیوٹ کے چیرمین مفتی عطا الرحمٰن قاسمی نے اقوامِٕ متحدہ، عرب ممالک اور عالمی برادری سے کارروائی کرنے کی اپیل کی ہے۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل بھارت کی وزارتِ خارجہ نے بھی ایک بیان جاری کرکے حملے کی سخت مذمت کی تھی، جب کہ بھارت میں اسرائیل کے سفیر مارک سوفر نے بھارتی وزارتِ خارجہ کے عہدے داروں سے مل کر اپنے ملک کے مؤقف کی وضاحت کی ہے۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG