رسائی کے لنکس

غزہ میں انسانی بحران کے خاتمے کے لیے نفرت کو روکنا ہو گا: صدر بائیڈن


غزہ کی پٹی چھوڑنے کے لیے لوگ مصر کی سرحد پر رفح کراسنگ کھلنے کے انتظار کر رہے ہیں۔
غزہ کی پٹی چھوڑنے کے لیے لوگ مصر کی سرحد پر رفح کراسنگ کھلنے کے انتظار کر رہے ہیں۔

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے ہفتے کو واشنگٹن ڈی سی میں انسانی حقوق کے کارکنوں کے عشائیے سے خطاب میں غزہ میں انسانی بحران کو نفرت کی مختلف اشکال سے جوڑتے ہوئے کہا کہ اسے روکنا لازمی طور پرضروری ہے۔

انہوں نے اسرائیل میں 1300 انسانی جانوں کے ضیاع کے ساتھ ساتھ حماس کی جانب سے یرغمال بنائے گئے بچوں اور معمر افراد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہالوکاسٹ کے بعد سے یہودیوں کا بدترین قتل عام ہے جو ایک اور طرح سے نفرت کو ظاہر کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے اس انسانی بحران میں بے گناہ فلسطینی خاندانوں اور اکثریت کا حماس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہیں انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ ہمیں نفرت کی ہر شکل کو مسترد کرنا ہو گا۔

صدر بائیڈن ہیومن رائٹس ڈنر میں خطاب کررہے ہیں۔ واشنگٹن ڈی سی، 14 اکتوبر 2023
صدر بائیڈن ہیومن رائٹس ڈنر میں خطاب کررہے ہیں۔ واشنگٹن ڈی سی، 14 اکتوبر 2023

غزہ میں روٹی نایاب

اسرائیل کی جانب سے غزہ کے لیے بجلی، پانی اور خوراک کی فراہمی پر پابندی کے بعد اتوار کے روز 23 لاکھ فلسطینیوں کے اس علاقے میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد پانی اور خوراک کی تلاش میں ماری ماری پھرتی دکھائی دی۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ زیادہ تر بیکریاں بند ہو گئی ہیں اور روٹی نہیں مل رہی ۔

بے گھر فلسطینیوں کے لیے قائم پناہ گزین کیمپ جبالیا کی 25 سالہ امل ابو یحییٰ نے بتایا کہ ان کی بیسمنٹ کے پائپ میں قطرہ قطرہ پانی ٹپک کر آ رہا ہے۔ وہ دیر تک پانی اکھٹا کرنے کے بعد اپنے پانچ سالہ بیٹے اور تین سالہ بیٹی کو پینے کے لیے دیتی ہے اور خود کم سے کم پانی پیتی ہے۔

غزہ میں ایک بیکری کے باہر روٹی خریدنے والے قطار میں اپنی باری کا انتظار کررہے ہیں۔ 14 اکتوبر 2023
غزہ میں ایک بیکری کے باہر روٹی خریدنے والے قطار میں اپنی باری کا انتظار کررہے ہیں۔ 14 اکتوبر 2023

غزہ کے ایک 28 سالہ رہائشی محمد ابراہیم نے بتایا کہ پانی نہیں آ رہا اور ان کے ہمسائے مجبوری میں سمندر کا نمکین پانی پی رہے ہیں۔

اسرائیلی فوج کی تیاریاں جاری

دوسری جانب ہر آنے والا لمحہ اسرائیل کے ممکنہ بھرپور فوجی حملے کو قریب تر کر رہا ہے جس کے خوف سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد اپنی جانیں بچانے کے لیے علاقے کے جنوبی حصے کی جانب جا رہی ہے۔

جب کہ حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔

غزہ کی سرحد پر اسرائیلی فوج کی تعداد اور تیاریوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ زمینی فوجی کارروائی کا مقصد عسکریت پسند گروپ کا خاتمہ کرنا ہے۔

ہفتے کے روز اسرائیلی فضائی حملوں میں غزہ کے کئی محلے مکمل طور پر تباہ ہو گئے جس کے جواب میں عسکریت پسندوں نے اسرائیل پر راکٹ فائر کیے۔

اسرائیلی ٹینک غزہ کی جانب پیش قدمی کے لیے تیار کھڑے ہیں۔ 14 اکتوبر 2923
اسرائیلی ٹینک غزہ کی جانب پیش قدمی کے لیے تیار کھڑے ہیں۔ 14 اکتوبر 2923

غزہ میں دو ہزار سے زیادہ فلسطینی ہلاک اور 10 ہزار سے زیادہ زخمی

غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ لڑائی شروع ہونے کے بعد سے اب تک 2329 فلسطینی مارے جا چکے ہیں جب کہ 10 ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیل نے غزہ شہر پر فضا سے کتابچے گرائے ہیں جب کہ سوشل میڈیا پر بھی نئے انتباہ جاری کیے ہیں جن میں 10 لاکھ سے زیادہ فلسطینیوں کو جو اس علاقے کی تقریباً نصف آبادی ہے ، جنوب کی جانب جانے کا حکم دیا گیا ہے۔

فوج کا کہنا ہے کہ وہ جنگجوؤں کے خلاف ایک بڑی کارروائی شروع کرنے سے پہلے شہریوں کو وہاں سے نکالنا چاہتی ہے تاکہ بے گناہ لوگوں کی جانیں بچائی جا سکیں۔

دوسری جانب حماس کے کارکن فلسطینیوں پر اپنے گھر نہ چھوڑنے پر زور دے رہے ہیں۔

غزہ پر ممکنہ اسرائیلی فوجی کارروائی سے قبل لوگوں کی ایک بڑی تعداد علاقے سے جا رہی ہے۔ 14 اکتوبر 2023
غزہ پر ممکنہ اسرائیلی فوجی کارروائی سے قبل لوگوں کی ایک بڑی تعداد علاقے سے جا رہی ہے۔ 14 اکتوبر 2023

اسرائیلی فوج نے اتوار کو کہا کہ وہ صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک جنوب کی طرف جانے والے راستے کو نشانہ بنانے سے گریز کرے گی تاکہ لوگ محفوظ طریقے سے شہر چھوڑ کر جا سکیں۔

مریضوں اور معذوروں کے لیے اںخلا سزائے موت ہے: عالمی ادارۂ صحت

عالمی ادرۂ صحت نے غزہ کی صورتِ حال سے متعلق ایک بیان میں کہا کہ شہر کے شمالی حصے میں واقع اسپتالوں میں زیرِ علاج دو ہزار سے زیادہ زخمیوں کے لیے انخلا کا حکم سزائے موت کے مترادف ہو سکتا ہے۔

عالمی ادارے کا مزید کہنا تھا کہ اسپتالوں میں انکیوبیٹرز پر نوزائیدہ بچے اور انتہائی نگہداشت کے شعبوں میں زیر علاج افراد موجود ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق غزہ کے اسپتالوں میں دو روز کے اندر جنریٹرز کا ایندھن ختم ہو جائے گا جس کے بعد بجلی نہ ہونے سے ہزاروں مریضوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ جائیں گی۔

غزہ کے الشفا اسپتال کے باہر درختوں کے نیچے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے پناہ لے رکھی ہے۔ طبی حکام کا کہنا ہے کہ تقریباً 35 ہزار فلسطینی فوجی حملے سے بچنے کی امید میں اسپتال کے اندر اور باہر پناہ لیے ہوئے ہیں۔ 12 اکتوبر 2023
غزہ کے الشفا اسپتال کے باہر درختوں کے نیچے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے پناہ لے رکھی ہے۔ طبی حکام کا کہنا ہے کہ تقریباً 35 ہزار فلسطینی فوجی حملے سے بچنے کی امید میں اسپتال کے اندر اور باہر پناہ لیے ہوئے ہیں۔ 12 اکتوبر 2023

فلسطینیوں کے لیے اقوامِ متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی نے اسرائیل کی جانب سے انخلا کے حکم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت سے لوگ ایسے بھی ہیں جو شہر چھوڑ کر نہیں جا سکتے جن میں حاملہ خواتین، بچے، بوڑھے اور معذور افراد شامل ہیں۔

عالمی ادارے نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عام شہریوں، اسپتالوں، اسکولوں، اور طبی مراکز کو نشانہ بنانے سے گریز کرے۔

دس لاکھ فلسطینی بے گھر

پناہ گزینوں کے عالمی ادارے کی ترجمان جولیٹ توما نے کہا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق ہفتے کے روز تک 10 لاکھ فلسطینی بے گھر ہو چکے تھے۔

حماس کے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں اور بمباری میں غزہ میں 7 ہزار مکان تباہ ہو چکے ہیں، جب کہ حملے جاری ہیں۔

غزہ کی پٹی میں دیر البلح میں فضائی حمملے کے بعد تباہی کا ایک منظر ۔ 14 اکتوبر 2023
غزہ کی پٹی میں دیر البلح میں فضائی حمملے کے بعد تباہی کا ایک منظر ۔ 14 اکتوبر 2023

رفح کراسنگ کھولنے کی کوشش

امریکہ غزہ کے ساتھ مصر کی رفح کراسنگ کو دوبارہ کھولنے سے متعلق ایک معاہدے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ جنگ زدہ علاقے میں پھنسے ہوئے امریکی اور غیر ملکی اس راستے سے نکل سکیں جب کہ مصر کے راستے امداد پہنچائی جا سکے۔

امریکی وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن نے ہفتے کی رات بتایا کہ امریکہ ایک دوسرا جنگی بحری بیڑہ کیریئر اسٹرائیک گروپ، یو ایس ایس ڈوائٹ ڈی آئزن ہاور کو مشرقی بحیرہ روم کی طرف منتقل کر رہا ہے، جس کا مقصد حماس کے کسی بھی اتحادی، مثلاً ایران یا لبنان کی حزب اللہ کو روکنا ہے، تاکہ جنگ کے دائرے کو وسیع ہونے سے روکا جا سکے۔

اس رپورٹ کے لیے کچھ مواد رائٹرز اور اے پی سے لیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG