رسائی کے لنکس

گوگل نے ’آل ایکسس‘ متعارف کرا دیا


گوگل کی ترجمان کا کہنا ہے کہ ’آل ایکسس‘ میں یونیورسل میوزک، سونی انٹرٹینمنٹ گروپ اور وارنر میوزک گروپ کے لاکھوں گانے شامل کیے گئے ہیں۔

معروف سرچ انجن ’گوگل‘ نے بدھ کے روز اپنے صارفین کے لیے موسیقی استعمال کرنے کی ایک نئی سروس ’آل ایکسس‘ سامنے لائی گئی ہے۔ اس سروس کے ذریعے صارفین ماہانا دس ڈالر میں لامحدود گانے سن سکیں گے۔

موسیقی کی اس نئی سروس کو سن فرانسسکو میں ہونے والی گوگل کی سالانہ ڈیویلپرز میٹنگ میں متعارف کرایا گیا۔ گوگل نے موسیقی کی یہ نئی سروس اپنے روایتی حریف ’ایپل‘ سے پہلے مارکیٹ میں پیش کی ہے جنہوں نے چند برس قبل ’آئی ٹیونز‘ کے ذریعے موسیقی کی دنیا میں انقلاب برپا کر دیا تھا۔

گوگل کی اس نئی سروس کو ’آل ایکسس‘ کا نام دیا گیا ہے۔ موسیقی کی اس سروس میں لوگ موسیقی کی مختلف اقسام میں سے گانے چن سکیں گے، اپنی پلے لسٹ بنا سکیں گے یا پھر پہلے سے ریڈیو کی طرز پر بنائی گئی پلے لسٹوں کو سن سکیں گے۔

گوگل کے مطابق یہ سروس پہلے امریکہ میں رہنے والے صارفین کے لیے متعارف کرائی جائے گی۔ اس کے بعد اسے باقی دنیا میں بھی پیش کیا جائے گا۔

دنیا کی سب سے بڑی انٹرنیٹ سرچ کمپنی کے اس اعلان کے بعد گوگل کے شئیرز میں تین فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ گوگل کی اس نئی سروس سے اس کے انٹرنیٹ پر موجود حریفوں کو دشواری کا سامنا ہو سکتا ہے۔

گوگل کی ترجمان کا کہنا ہے کہ ’آل ایکسس‘ میں یونیورسل میوزک، سونی انٹرٹینمنٹ گروپ اور وارنر میوزک گروپ کے لاکھوں گانے شامل کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ انفرادی گلوکاروں کے بھی لاتعداد گیت شامل کیے گئے ہیں۔
XS
SM
MD
LG