رسائی کے لنکس

حکومت مسئلہ کشمیر کا سیاسی حل تلاش کرے: اعلیٰ بھارتی فوجی افسر


فائل: ایک کشمیری خاتون آزادی کا نعرہ لگا رہی ہے۔ 25 نومبر 2018
فائل: ایک کشمیری خاتون آزادی کا نعرہ لگا رہی ہے۔ 25 نومبر 2018

بھارتی فوج کی شمالی کمان کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل اے کے بھٹ نے کہا ہے کہ کشمیر کے مسئلے کا حل سیاسی ڈائلاگ کے ذریعے نکالا جاسکتا ہے جیسا کہ نئی دہلی میں اٹل بہاری واجپائی کے دورِ حکومت میں کرنے کی کوشش کی گئی تھی اور یہ کہ فوج صرف زمین پر معمول کے حالات بہتر رکھنے کا کام کرسکتی ہے۔

ایک بھارتی اخبار کو دیے گیے انٹرویو میں لیفٹننٹ جنرل بھٹ نے کہا۔ "فوج صرف معمول کے حالات پیدا کرسکتی ہے۔ اس کے آگے پہل اچھی حکمرانی اور سیاسی سطح پر لوگوں کے ساتھ بات کرنے جیسے سطحوں پر ہونی چاہیے۔ ایسا واجپائی دور میں ہوا تھا اور حکومت اسی طرح کے اقدامات مناسب موقعے پر اٹھائے گی۔ مجھے پورا یقین ہے وہ ایسا کرے گی"۔

انہوں نے کہا "کوشش یہ ہونی چاہیے کہ نوجوانوں کو سمجھایا جائے کہ تشدد سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ لیکن دوسری پہل جو اس سے بھی اہم ہے کشمیری عوام کے ساتھ نفسیاتی محاذ پر کام کرنے کے حوالے سے ہونی چاہیے اور انہیں یہ بتایا جائے کہ ان کا مستقبل پاکستان کے بجائے بھارت کے ساتھ رہنے سے زیادہ بہتر ہوگا اور یہ کہ انہیں جماعت (اسلامی)، علیحدگی پسند اور پاکستان صرف آلہ کار کے طور پر استعمال کررہے ہیں"۔

انہوں نے کہا کہ فوج کا کام امن و امان کو برقرار رکھنا ہے۔ لیکن طویل مدتی حل حکومت کو نکالنا ہوگا۔

بھارت کی خفیہ ایجنسی ریسرچ اینڈ انالیسز ونگ یا را کے سابق سربراہ اے ایس دولت نے بھی کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ طاقت کے ذریعے حل نہیں کیا جاسکتا ہے کیونکہ یہ ایک فوجی نہیں بلکہ سیاسی نوعیت کا مسئلہ ے۔ انہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "آگے بڑھنے کا واحد راستہ متعلقین کے ساتھ بات چیت شروع کرنا ہے"۔

XS
SM
MD
LG