رسائی کے لنکس

102 سالہ شخص نے اپنے خاندان کے 270 افراد کے ساتھ ووٹ ڈالا


حاجی ابراہیم جواد اپنے پانچ پشتوں پر مشتمل خاندان کے ہمراہ پولنگ سٹیشن پر۔
حاجی ابراہیم جواد اپنے پانچ پشتوں پر مشتمل خاندان کے ہمراہ پولنگ سٹیشن پر۔

بھارتی شہر پونا کے 102 سالہ رہائشی حاجی ابراہیم علیم جواد نے اپنے خاندان کی پانچ نسلوں پر مشتمل 270 ارکان کے ہمراہ آج پیر کے روز مہاراشٹر کے ریاستی انتخابات میں ووٹ ڈالا۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق حاجی ابراہیم علیم جواد 1918 میں پونا میں پیدا ہوئے۔ وہ تقسیم ہند سے قبل برٹش آرمی میں افسر تھے۔ وہ اگرچہ وھیل چیئر پر پولنگ سٹیشن پہنچے، لیکن زیادہ عمر کے باوجود وہ کافی چاک و چوبند دکھائی دیے۔

ان کے کل 12 بیٹوں میں سے 10 بیٹے، دو بیٹیاں، 45 پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں اور بہت سے پڑپوتے، پڑپوتیاں ووٹ ڈالنے کے لئے اُن کے ہمراہ پولنگ سٹیشن آئے۔ ان میں سے کچھ پڑ پوتے اور پڑپوتیاں بھی اپنے بچوں کے ساتھ تھیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حاجی ابراہیم جواد گزشتہ دنوں تک چار روز کے لئے معمولی عارضہ قلب کے باعث ہسپتال میں داخل رہے اور ان کے ڈاکٹروں نے انہیں مکمل طور پر صحت مند قرار دیتے ہوئے ہسپتال سے فارغ کر دیا تھا۔

ووٹ ڈالنے کے بعد حاجی باراہیم جواد نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں تمام انتخابات میں ووٹ ڈالا اور انہوں نے اس دوران بہت سی حکومتوں کو آتے اور جاتے دیکھا۔ تاہم وہ ہمیشہ اپنے خاندان کے افراد اور قریبی لوگوں کو تلقین کرتے رہے ہیں کہ وہ ملک اور قوم کی خاطر اپنا فرض سمجھتے ہوئے ووٹ کاسٹ کریں۔

حاجی ابراہیم جواد بنیادی طور پر راجستھان سے تعلق رکھتے ہیں۔ تاہم وہ 1942 میں کاروبار کی خاطر مہاراشٹر چلے آئے اور پھر وہیں بس گئے۔ اُن کی اہلیہ چند برس قبل انتقال کر گئی تھیں۔

اُن کا کہنا ہے کہ وہ 90 برس کی عمر تک روزانہ 12 کلومیٹر سائیکل چلاتے رہے۔

XS
SM
MD
LG