ہندی فلموں میں پچھلے وقتوں کے افسانوی فلم ساز و اداکار گرودت کی زندگی پر فلم تیار کی جا رہی ہے جس میں عامر خاں گرودت کا کردار ادا کریں گے۔ گرودت کے فرزند فلم ساز ارون دت نے یہ انکشاف کیا۔
انہوں نے بتایا کہ فلم کی کہانی انوراگ کشپ لکھ رہے ہیں۔اہم کردار کے بارے میں عامر خاں سے بات چیت کی جاچکی ہے اور انہوں نے ہامی بھر لی ہے۔فلم کے ہدایت کار شیوندر ڈونگرپور ہوں گے۔ فلم کی شوٹنگ کا جلد آغاز ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ عامرخاں اور قطرینہ کیف نے حال ہی میں ایک فلمی میگزین کے لیے گرودت کی مشہور فلم پیاسا کا ایک سین ریکارڈ کرایا تھا۔اس شاٹ میں دونوں کا میک اپ کچھ اس طرح مکمل تھا کہ اصلی گرودت کا گمان ہو رہا تھا۔
گرودت کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کی افسانوی شخصیتوں میں کیا جاتا ہے۔اس اداکار اور ہدایت کار نے اپنے مختصر فلمی کیریر میں اپنی فن کاری کے ایسے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں آج تک بھی ان کی فلمیں مقبولیت کے آسمان پر ہیں۔
گرودت کا اصلی نام وسنت کمار شیواشنکرپڈ کون تھا۔نو جولائی 1925 کو سابق ریاست میسور کے ایک موضع میں ان کا جنم ہوا۔1957ء میں گرودت نے اپنی تاریخ ساز فلم ’پیاسا‘ ریلیز کی جس کے پروڈیوسر اور ڈائریکٹر وہ خود تھے۔فلم میں مرکزی کردار بھی انہوں نے نبھایا تھا۔یہ فلم ایک شاعر کی زندگی پر مبنی تھی جو اپنا مقام بنانے کے لیے جدوجہد کرتا ہے اور کس طرح اس کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں۔آخر کار اس کی موت کی جھوٹی خبر اس کی شاعری کو منوانے میں کامیاب ہوتی ہے۔
اس جذباتی فلم میں ساحر لدھیانوی کے انقلابی گیتوں نے ایک نئی جان ڈال دی تھی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ گرودت کی شکل میں عامر خاں کیا ان کی طرح اداکاری کر پائیں گے؟