رسائی کے لنکس

ملیریا سے بچاؤ کی نئی اور مؤثر دوا


ملیریا سے بچاؤ کی نئی اور مؤثر دوا
ملیریا سے بچاؤ کی نئی اور مؤثر دوا

ایک بین الاقوامی طبی تنظیم نے کہاہے کہ ملیریا سے بچاؤ کی ایک نئی دوا کے استعمال سے ہر سال لاکھوں بچوں کی جانیں بچائی جاسکتی ہیں۔

ڈاکٹر ود آؤٹ بارڈز نے منگل کے روز جاری کردہ اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ملیریا سے بچاؤ کی مروجہ دوا کونین کی بجائے Artesunate کا استعمال زیادہ فائدہ مند ہے کیونکہ یہ کونین کی نسبت ایک محفوظ دوا ہے۔

تنظیم کا کہناہے کہ نئی دوا کے استعمال سے ہر سال مزید دو لاکھ جانیں بچائی جاسکتی ہیں۔

تنظیم نے بین الاقوامی عطیہ دہندگان سے کونین کی بجائے نئی دوا کے استعمال میں مدد کے فنڈز دینے کی اپیل کی ہے۔ تنظیم کا کہناہے کہ دنیا بھر میں ایسے مریضوں کے علاج کے لیے جن پر ملیریا کا شدید حملہ ہوا ہو، چار کروڑ 90 لاکھ ڈالر کے مزید اخراجات آئیں گے۔

عالمی ادارہ صحت کے ایک تخمینے میں کہا گیا ہے کہ پچھلے سال دنیا بھر میں ملیریئے سے آٹھ لاکھ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ جن میں زیادہ تر براعظم افریقہ کے بچے اور حاملہ خواتین تھیں۔

ڈاکٹر ود آؤٹ بارڈز کا کہناہے کہ 2009ء میں دنیا بھر میں ساڑھے 22 کروڑ ملیریا کے کیسوں کا اندراج ہواتھا جن میں سے80 لاکھ مریضوں پر بیماری کا حملہ انتہائی شدید تھا۔

تنظیم نے دنیا بھر کی صحت کی وزارتوں سے اپیل کی ہے کہ ملیریا کے علاج کے لیے اپنے راہنما اصول تبدیل کریں اوربڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظردوا ساز اداروں کو نئی تجویز کردہ دوا کی پیداوار بڑھانے کے لیے کہیں۔

XS
SM
MD
LG