رسائی کے لنکس

بین الاقوامی یومِ بلند فشارِ خون: معیاری پیمانہ 140-90یا120-80؟


بین الاقوامی یومِ بلند فشارِ خون: معیاری پیمانہ 140-90یا120-80؟
بین الاقوامی یومِ بلند فشارِ خون: معیاری پیمانہ 140-90یا120-80؟

بلند فشارِ خون یعنی ہائی بِلڈ پریشر پر تحقیق سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ عام تاثر درست نہیں کہ بلڈ پریشر 140-90سے اوپر ہونا چاہیئے یا اِس حد تک بڑھا ہوا خون کا درجہ ٹھیک ہے۔ عالمی ادارہٴ صحت کی تجویز کے مطابق، فشارِ خون کا معیاری پیمانہ 120-80سے بڑھ جائے تو ہائی بلڈ پریشر کے زمرے میں مانا جائے گا۔

طبی ماہرین کے مطابق بلند فشارِ خون ی پیچیدگیاں دل، گردے اور فالج کے موذی امراض کا پیش خیمہ ہیں اور عالمی ادارہٴ صحت کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں ڈیڑھ ارب افراد ہائپر ٹینشن میں مبتلا ہیں، جِن میں سالانہ 70لاکھ افراد موت کی نیند سو جاتے ہیں۔

ہائپر ٹینشن یعنی بلند فشارِ خون کا مرض جسے عام آدمی ہائی بلڈ پریشر کے نام سے جانتا ہے، اُس سے بچاؤ کی تدابیر اور مریضوں کو اِس بیماری کے تباہ کُن اثرات سے باخبر کرنے اور احتیاطی طریقے بتانے کے لیے ساری دنیا کی طرح پاکستان میں بھی ہر سال 17مئی کو بین الاقوامی فشارِ خون کا دِن منایا جاتا ہے۔

اِس دِن کے حوالے سے بلند فشارِ خون اور امراضِ قلب کی رفاحی علاج گاہ، انڈس ہسپتال میں امراضِ قلب کے ماہر ڈاکٹر عبدالباری نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ پاکستان بھر میں 95فی صد متاثرہ افراد اپنی بیماری سے لاعلم ہیں۔

بالغ آبادی میں خواتین کی شرح زیادہ ہے جب کہ بچوں میں یہ مرض دل سے نکلنے والی رگ میں پیدائشی تنگی کے سبب ہو سکتا ہے جو قابلِ علاج ہے۔

ورلڈ ہائپر ٹینشن ڈے کے حوالے سے پاکستان کارڈیک سوسائٹی اور امراضِ قلب کے قومی تحقیتی ادارے کے زیرِ اہتمام منعقدہ سمپوزیم میں طبی ماہرین نے آگہی دی ہے کہ میٹابولک سِنڈروم جسم کے مختلف نقصان دہ کیفیات کے مجموعے کا نام ہے ،اور اُس میں بلند فشارِ خون اور خون میں چربی کی زیادتی شامل ہیں۔ چنانچہ عوام طبی ماہرین کی بتائی گئی احتیاطی تدابیر پر کاربند ہوں اور حکومت عوامی آگہی میں اضافے کے اقدامات تیز کرے۔

وزارتِ صحت کہتی چلی آرہی ہے کہ ایسے امراض جو ایک سے دوسرے کو نہیں لگ سکتے لیکن اگر کسی کو لاحق ہوجائیں تو مریض کے خاندان اور محکمہٴ صحت پر مالی بوجھ پڑتا ہے، اِس سے بچاؤ کے طریقے زیادہ سے زیادہ فراہم کرنے کے لیے ملک گیر سطح پر اقدامات کیے جارہے ہیں جب کہ بڑے مراکز پر طبی سہولیات میسر ہیں۔

طبی ماہرین نے ہائپر ٹینشن کے عالمی دِن کے موقعے پر کہا ہے کہ متاثرہ افراد دوا میں بے قاعدگی نہ کریں تو جان لیوا نقصانات سے بچا جا سکتا ہے، جب کہ عام پاکستانی کھانے میں اوپر سے نمک کا استعمال اور مرغن کھانے ترک کرکے باقاعدہ ورزش کے طریقے اختیار کرکے ہائپر ٹینشن میں مبتلا ہونے سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG