رسائی کے لنکس

بین الاقوامی شہرت یافتہ یونیورسٹیوں کی نئی فہرست


رواں برس عالمی شہرت یافتہ جامعات کی درجہ بندی کی فہرست میں 8 امریکی یونیورسٹیوں نے ٹاپ 10 میں جگہ حاصل کی ہے، جبکہ برطانیہ کی صرف 2 جامعات ٹاپ 10 کی فہرست میں جگہ بنا پائی ہیں

دنیا کی 100 شہرت یافتہ یونیورسٹیوں کی عالمی درجہ بندی میں امریکی تعلیمی اداروں نے ایک بار پھر سےسبقت حاصل کرلی ہے۔

رواں برس عالمی شہرت یافتہ جامعات کی درجہ بندی کی فہرست میں 8 امریکی یونیورسٹیوں نے ٹاپ 10 میں جگہ حاصل کی ہے، جبکہ برطانیہ کی صرف 2 جامعات ٹاپ ٹین کی فہرست میں جگہ بنا پائی ہیں۔

برطانوی میگزین 'ٹائمز ہائیر ایجوکیشن' نے سال 2014 کے لیے 100 بین الاقوامی شہرت یافتہ یونیورسٹیوں کی فہرست ترتیب دی ہے۔ یونیورسٹیوں کی عالمی درجہ بندی تعلیمی اداروں کے ایک سروے سے حاصل کی گئی ہے، جس میں دنیا بھر سے ماہرین تعلیم حصہ لیتے ہیں۔

'دی ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ' کی تازہ ترین فہرست میں 'ہارورڈ یونیورسٹی' نے رواں برس بھی اپنی پوزیشن برقرار رکھی ہے؛ اور دنیا کی 100 شہرت یافتہ جامعات کی فہرست میں اول نمبر پر رہی ہے۔ اس کے بعد، 'میسا چوسٹس ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ' اور 'اسٹینفورڈ یونیورسٹی' نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

برطانیہ کی دو بہترین جامعات 'کیمبرج' اور'آکسفورڈ' یونیورسٹیاں اس سالٹاپ 10 میں ایک درجہ کم پر آنے کے بعد بالترتیب چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر ہیں۔

رواں سال کی شہرت یافتہ جامعات کی ٹاپ 10 فہرست کے دیگر ناموں میں'یونیورسٹی آف کیلی فورنیا'، برکلے، پرنسٹن یونیورسٹی، ییل، کیلی فورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور یونیورسٹی آف کیلی فورنیا، لاس اینجلس شامل ہیں۔ جبکہ، 100 شہرت یافتہ جامعات کی اس درجہ بندی میں کل 46 ویں نمائندگیاں امریکی تعلیمی اداروں نے حاصل کی ہیں۔

ہائیر ایجوکیشن کی رینکنگ کے مطابق، برطانیہ کی کل 10 جامعات نے اس فہرست میں جگہ بنائی ہے جن میں سے دارالحکومت لندن کی 6 یونیورسٹیوں نے عالمی شہرت یافتہ ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

لندن کے تعلیمی ادارے'امپیریل کالج' اور'لندن اسکول آف اکنامکس اینڈ پولیٹیکل سائنس' 13ویں اور24 ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ ان کے علاوہ، 'یونیورسٹی کالج لندن' 25 ویں اور' کنگ کالج لندن' 46 ویں نمبر پر عالمی شہرت کی حامل یونیورسٹیاں قرار پائی ہیں۔

اس فہرست میں پہلی بار لندن کی دو جامعات لندن بزنس اسکول اور لندن اسکول آف ہائی جین اور ٹروپیکل میڈیسن کے ناموں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں، یونیورسٹی آف ایڈنبرگ 46ویں اور مانچسٹر یونیورسٹی 51.60 میں درجہ حاصل کر سکی ہے۔

ایشیائی نمائندگی کے حوالے سے اس فہرست میں ٹوکیو یونیورسٹی نے 11واں نمبر حاصل کیا ہے جبکہ، جنوبی کوریا، سنگاپور اور چین کے تعلیمی اداروں نے گذشتہ برسوں کی نسبت زیادہ بہتر درجے میں جگہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔

ایک سو جامعات کی عالمی فہرست میں اس بار جرمنی نے تیسرے بڑے ملک کی حیثیت سے نمائندگی حاصل کی ہے جس کی کل 6 یونیورسٹیوں نے عالمی رینکنگ میں جگہ بنائی ہے۔

بین الاقوامی یونیورسٹیوں کی درجہ بندی کے نتائج سال 2013 کے ایک سروے سے حاصل کئے گئے ہیں جس میں کل 133ممالک سے مجموعی طور پر 10,536 جوابات موصول ہوئے تھے۔ 100 شہرت یافتہ تعلیمی اداروں کا انتخاب ان کے انفرادی اسکور اور ساکھ کے حوالے سے حاصل ہونے والے اعداوشمار کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔
XS
SM
MD
LG