رسائی کے لنکس

آپ کی سالگرہ کا دن کتنا عام ہے؟


امریکی محقق چندر نے بچوں کی پیدائش کی تاریخ کےحوالے سے سال کے ہر دن کی درجہ بندی کی فہرست میں ستمبر کی 16 تاریخ کو سالگرہ کا سب سے مقبول ترین دن قرار دیا ہے۔

اگر آپ کی سالگرہ کا مہینہ ستمبر ہے تو یاد رکھیں کہ آپ کے علاوہ اس مہینے میں سالگرہ منانے والوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔

ایک مطالعاتی جائزے سے پتا چلتا ہے کہ ستمبر سالگرہ کے حوالے سے مقبول ترین مہینہ ہے، جس میں سب سے زیادہ بچے دنیا میں آتے ہیں۔

ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں کیے جانے والے ایک تحقیقی جائزے کے مطابق امریکہ میں اگست اور ستمبر سالگرہ کے زیادہ عام مہینے ہیں، جبکہ جنوری سالگرہ کے لیے زیادہ مقبول نہیں ہے۔

نیویارک ٹائمز اخبار کی ایک پچھلی اشاعت میں ہارورڈ یونیورسٹی سے منسلک ماہر اقتصادیات امیتابھ چندر کی جائزہ رپورٹ شائع ہوئی ہے، جس سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ سال کا پہلا دن پیدائش کے لیے زیادہ عام نہیں ہے۔

امریکی محقق چندر نے بچوں کی پیدائش کی تاریخ کے حوالے سے سال کے ہر دن کی درجہ بندی کی فہرست میں ستمبر کی 16 تاریخ کو سالگرہ کا سب سے مقبول ترین دن قرار دیا ہے۔

پروفیسر چندر کی طرف سے جمع کیے جانے والے اعداد و شمار سے یہ بھی پتا چلتا ہے کہ امریکہ میں جنوری کی پہلی تاریخ 264 ویں یا کم غیر مقبول سالگرہ کا دن ہے، جبکہ 25 دسمبر اور 29 فروری سالگرہ کے لیے بالکل بھی مقبول تاریخیں نہیں ہیں۔

وسیع پیمانے پر کیے جانے والے مطالعے 1973 سے 1999 کے دوران امریکہ میں پیدا ہونے والے بچوں کی تاریخ پیدائش کے اعداد و شمار پر مبنی تھا، جس میں پروفیسر چندر نے جنوری کی ایک سے دسمبر 31 تک سال کے ہر دن کی درجہ بندی، اس تاریخ پر پیدا ہونے والے بچوں کی تعداد کی بنیاد پر کی ہے۔

پروفیسر چندر کی طرف سے مرتب کیے جانے والے گراف سے پتا چلتا ہے کہ امریکہ میں بچوں کی پیدائش کا زیادہ عام مہینہ اگست ہے۔ تاہم انھوں نے کہا کہ اگر اگست کے ایک اضافی دن کو نکال کر دیکھا جائے تو سال بھر میں سب سے زیادہ بچوں کی پیدائش کا مہینہ ستمبر ہے۔

فہرست کے اعتبار سے 16 ستمبر سالگرہ کا مقبول ترین دن ہے جبکہ اسی ماہ کی دیگر تاریخیں نو اور 23 سالگرہ کی دوسری اور تیسری مقبول تاریخیں ہیں علاوہ ازیں اسی طرح ستمبر 17 اور 22 چوتھی اور پانچویں سالگرہ کی مقبول تاریخیں ہیں۔

درجہ بندی کی فہرست سے ظاہر ہوتا ہے کہ جنوری، فروری، مارچ اور اپریل اور نومبر سالگرہ کے عام مہینے نہیں ہیں، جیسا کہ جنوری کے مہینے میں سب سے مقبول سالگرہ کا دن 20 جنوری ہے جو درجہ بندی کے اعتبار سے 240 ویں کم مقبول سالگرہ کا دن ہے۔

فروری میں ویلنٹائن ڈے 14 فروری سالگرہ کے لیے زیادہ عام دن ہے یہ تاریخ درجہ بندی کی فہرست میں 103 نمبر پر ہے۔

مارچ میں سالگرہ کا عام دن تین مارچ ہے، جو فہرست میں 133 ویں عام سالگرہ کا دن ہے، تاہم اپریل فول یا اپریل کی پہلی تاریخ بچوں کی پیدائش کے حوالے سے 348 نمبر پر کم مقبول سالگرہ کا دن ہے۔

فہرست کے مطابق 22 مئی اس ماہ کی زیادہ عام تاریخ ہے، جس کی درجہ بندی 141 پر کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں جون کی 30 ،24 اور 25 تاریخیں فہرست میں بالترتیب 75 ،95 اور 100ویں نمبر پر سالگرہ کے لیے زیادہ عام دن ہیں۔

اسی طرح جولائی میں سات اور آٹھ تاریخ سالگرہ کے لیے زیادہ مقبول ہیں، جو بالترتیب 12 اور 14 نمبر پر ہیں۔

امریکہ میں اگست میں پیدا ہونے والے بچوں کے لیے زیادہ عام سالگرہ کے دن 12،19 اور 20 اگست ہیں، جن کی محقق چندر نے درجہ بندی بالترتیب ,17,30 اور 31 نمبر پر کی ہے۔

دریں اثناء اکتوبر کے مہینے میں مقبول سالگرہ کے دن پہلی اور اکتوبر کی دوسری تاریخ ہے جو بالترتیب 20 اور 53 نمبر پر مقبول سالگرہ کے دن ہیں۔

اسی طرح نومبر کے مہنے میں 5 تاریخ درجہ بندی کے اعتبار سے 143 نمبر پر مقبول ہے جبکہ دیگر مقبول دن 19 اور 20 نومبر کے ہیں۔

سال کے آخری مہینے دسمبر کے گراف سے پتا چلتا ہے کہ اس مہینے میں سالگرہ کی عام تاریخ 30 دسمبر ہے، جو فہرست میں 26 نمبر پر ہے۔

اس کے علاوہ دیگر مقبول سالگرہ کے دن 28 ،29 ،17 ہیں، جنھیں محقق چندر نے دسمبر میں پیدا ہونے والے امریکیوں کی سب سے مقبول سالگرہ کی تاریخیں بتایا ہے۔

علم نجوم اور سائنس:

علم نجوم کا تعلق تاریخ انسانی کے ایک قدیم علم سے ہے، جو صدیوں سے علم ہیئت، طب، ریاضی اور فلسفہ کا لازمی جز رہا ہے علم نجوم کے مطابق پیدائش کے وقت ستاروں کی چال انسان کی زندگی پر اثرات مرتب کرتی ہے۔ تاہم سائنس دان پیدائش کے موسم اور مستقبل کے حالات کے درمیان رابطے کو مسترد کرتے رہے ہیں۔

ایک حالیہ تحقیق میں سائنسی ماہرین نے تسلیم کیا ہے کہ پیدائش کے وقت کے موسم کا انسان کی شخصیت پر اثر ہے۔

بڈاپسٹ کی سیلموئیز یونیورسٹی کے مطالعے سے پتا چلتا ہے کہ موسم بہار میں پیدا ہونے والے بچے جذباتی مزاج کے حامل ہوتے ہیں جبکہ ان کے مقابلے میں گرمیوں میں پیدا ہونے والے بچوں میں جذباتی ہونے کے ساتھ ساتھ مستقل مزاجی کم ہوتی ہے۔

مطالعے کے نتائج سے ظاہر ہوا کہ خزاں میں پیدا ہونے والے بچوں کے مزاج میں قنوطیت اور اداسی پائی جاتی ہے جبکہ دسمبر کے بچے دیگر تمام برج کے حامل بچوں کے مقابلے میں خوش مزاج اور کم چڑ چڑے ہوتے ہیں۔

علم نجوم کے حوالے سے شائع ہونے والی مطالعے میں ماہرین نے بتایا ہے کہ پیدائش کا مہینہ صحت کو متاثر کر سکتا ہے۔

جرنل آف امریکن میڈیکل انفارمیٹیکس ایسوسی ایشن'میں شائع ہونے والی تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ پیدائش کا مہینہ اور بیماریوں کے درمیان تعلقات موجود ہیں اگرچہ سائنس دانوں کو اس بات کا یقین نہیں کہ یہ تعلق کیوں موجود ہے۔ لیکن، انھوں نے امکان ظاہر کیا ہے کہ ماحولیاتی عوامل اور وٹامن ڈی کی سطح اور درجہٴحرارت کا اتار چڑھاؤ اس تعلق کے لیے ذمہ دار ہو سکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG