رسائی کے لنکس

مشرقِ وسطیٰ میں انسانی حقوق کی صورتِ حال پر امریکہ کی تشویش


مشرقِ وسطیٰ میں انسانی حقوق کی صورتِ حال پر امریکہ کی تشویش
مشرقِ وسطیٰ میں انسانی حقوق کی صورتِ حال پر امریکہ کی تشویش

امریکہ نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے کئى ملکوں میں انسانی حقوق کے سنگین مسائل بدستور موجود ہیں۔

انسانی حقوق کے بارے میں جمعرات کے روز محکمہٴ خارجہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عراق میں سیکیورٹی کی عام صورتِ حال میں خاصی بہتری آجانے کے باوجود اہم مسائل ابھی باقی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عراقیوں کو من مانی یا خلافِ قانون ہلاکتوں، اذیت رسانی اور ناقص عدالتی نظام کا سامنا ہے۔

رپورٹ میں اسرائیل کا ذکر کرتے ہوئے وہاں عرب شہریوں کے خلاف امتیازی سلوک کی نشان دہی کی گئى ہے اور ملک میں غیر ملکی کارکنوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی کے علاقے میں اذیت رسانی، ہلاکتوں اور آزادیِ مذہب پر پابندیوں کی اطلاعات کی نشندہی کرتے ہوئے فلسطینی عہدے داروں پر نکتہ چینی کی گئى ہے۔

رپورٹ میں غزہ کے علاقے میں اسرائیل کے حالیہ حملوں کے دوران اسرائیلیوں اور فلسطینیوں، دونوں کے طرزِ عمل کے بارے میں تشویش ظاہر کی گئى ہے۔

رپورٹ میں کہا ہے کہ پچھلے سال یمن میں انسانی حقوق کے مسائل میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اسی کے ساتھ ساتھ رپورٹ میں سعودی عرب، مصر اور شام میں انسانی حقوق کے اہم مسائل کی نشاندہی کی گئى ہے۔

رپورٹ میں لیبیا کے انسانی حقوق کے ریکارڈ کو بدستور ناقص کہا گیا ہے اور ترکی میں خاندانی عزت کے نام پر قتل سمیت، عورتوں کے خلاف تشدّد کے واقعات پر تشویش ظاہر کی گئى ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں عورتوں، غیر ملکی کارکنوں اور گھریلو ملازمین کے ساتھ بد سلوکی بدستور مسئلہ ہے۔

XS
SM
MD
LG