رسائی کے لنکس

دہلی انتخابات: عام آدمی پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب


اروند کیجریوال (فائل فوٹو)
اروند کیجریوال (فائل فوٹو)

وزیراعظم نریندر مودی نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ انھوں نے عام آدمی کے اروند کیجریوال کو فون کر کے مبارکباد دی اور انھیں دارالحکومت کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کی ریاستی اسمبلی میں عام آدمی پارٹی کو واضح برتری حاصل ہو گئی ہے اور مرکز میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کر لی ہے۔

منگل کو وزیراعظم نریندر مودی نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ انھوں نے عام آدمی کے اروند کیجریوال کو فون کر کے مبارکباد دی اور انھیں دارالحکومت کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

ہفتہ کو ہونے والے انتخابات کے ووٹوں کی گنتی خاصی حد تک مکمل ہو چکی ہے اور بھارتی الیکشن کمیشن کے مطابق غیر حتمی نتائج میں عام آدمی پارٹی کو 66 جب کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو تین نشستیں ملی ہیں۔

دہلی میں تقریباً 15 سال تک برسر اقتدار رہنے والی جماعت کانگریس کا پوری طرح صفایا ہو گیا ہے اور وہ اس انتخاب میں کوئی نشست حاصل نہیں کر سکی ہے۔

دہلی کے انتخابات کے نتائج کو حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیے ایک دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔ اس جماعت نے اروند کیجریوال کے مقابلے میں بھارت کی پہلی اعلیٰ ترین خاتون پولیس افسر کرن بیدی کو میدان میں اتارا تھا لیکن ان کا یہ فیصلہ بظاہر درست ثاب نہیں ہوا۔

کرن بیدی ایک عرصہ قبل کیجریوال کے ساتھ ان کی انسداد بدعنوانی کی عوامی تحریک میں شامل رہی ہیں۔

70 رکنی ریاستی اسمبلی میں حکومت بنانے کے لیے کسی بھی جماعت کو 36 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔

اروند کیجریوال 2013ء کے انتخابات میں کامیاب ہو کر دہلی کے وزیراعلیٰ بنے تھے لیکن انھوں نے گزشتہ سال فروری میں یہ کہہ کر استعفیٰ دے دیا تھا کہ انسداد بدعنوانی کے لیے کی جانے والی ان کی کوششوں کو بارآور نہیں ہونے دیا جا رہا۔

XS
SM
MD
LG