رسائی کے لنکس

پاکستان بھارت میں ’در پردہ جنگ‘ کر رہا ہے: مودی کا الزام


بھارتی وزیراعظم مودی
بھارتی وزیراعظم مودی

نریندر مودی کا کہنا تھا کہ "ہمارا پڑوسی روایتی جنگ لڑنے کی طاقت کھو چکا ہے لیکن وہ دہشت گردوں کے ذریعے درپردہ جنگ میں مصروف ہے۔"

بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ بھارت میں عسکریت پسند بھیج کر ’پراکسی وار‘ یا درپردہ لڑائی کر رہا ہے۔

انھوں نے یہ بیان منگل کو بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے دورے کے موقع پر دیا جو کہ رواں سال مئی میں ہونے والے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد کشمیر کا ان کا دوسرا دورہ ہے۔

بھارتی میڈیا پر براہ راست نشر کی جانے والی تقریر میں پاکستان پر درپردہ جنگ کے الزام کی مزید تفصیل نہیں بتائی گئی لیکن حالیہ مہینوں میں دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے درمیان ایک دوسرے پر کشمیر میں لائن آف کنٹرول کی فائربندی کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں۔

پاکستان کشمیر میں کسی طرح کی عسکری مداخلت کی ہمیشہ سے تردید کرتا آیا ہے اور اسلام آباد کا موقف ہے کہ کشمیری عوام کی سفارتی اور سیاسی حمایت کرتا ہے۔

وزیراعظم مودی نے فوجی افسران سے خطاب کرتے ہوئے اپنے ملک کی مسلح افواج کو مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا۔

"ہمارا پڑوسی روایتی جنگ لڑنے کی طاقت کھو چکا ہے لیکن وہ دہشت گردوں کے ذریعے درپردہ جنگ میں مصروف ہے۔"

1947ء میں تقسیم ہند کے بعد ہی سے کشمیر کا علاقہ دونوں ملکوں کے درمیان متنازع چلا آرہا ہے۔

بھارتی وزیراعظم کے اس بیان پر پاکستان کی طرف سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

تاہم پاکستانی وزیراعظم نواز شریف بارہا اس عزم کا اظہار کر چکے ہیں کہ ان کا ملک بھارت سمیت تمام پڑوسی ممالک سے دوستانہ تعلقات استوار کرنے اور ان کے فروغ کے خواہاں ہیں۔

XS
SM
MD
LG