رسائی کے لنکس

بھارت: داعش سے تعلق کے شبہے میں چھ افراد گرفتار


خبررساں ادارے رائیڑز نے بھارت کے انسداد دہشت گردی کے قومی ادارے کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ مشتبہ افراد شدت پسند گروہ داعش سے متاثر تھے۔

بھارت کی پولیس نے داعش سے تعلق کے شبہے میں چھ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور حکام کے مطابق یہ افراد دیوالی کے تہوار کے موقع پر اہم شخصیات اور عوامی اجتماعات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

خبررساں ادارے رائیڑز نے بھارت کے انسداد دہشت گردی کے قومی ادارے کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ مشتبہ افراد شدت پسند گروہ داعش سے متاثر تھے۔

عراق و شام میں سرگرم داعش دنیا کے کئی ملکوں میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کے لیے سرگرم ہے اور اس حوالے سے یہ شدت پسند تنظیم کئی بھارتی شہریوں کو اپنی صفوں میں شامل کرنے کے لیے بھی کوشاں ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کی آبادی کی ایک قابل ذکر تعداد مسلمانوں پر مشتمل ہے۔

تاہم گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے کے دوران بھارت کے قومی تحقیقاتی ادارے 'این آئی اے' نے کیرالا اور تامل ناڈو کی جنوبی ریاستوں میں ایسے چھوٹے گروہوں کا سراغ لگایا ہے جنہوں نے مبینہ طور پر داعش میں شامل ہونے کے لیے شام کا سفر کیا یا وہ بھارت کے اندر حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث پائے گئے۔

بھارت کے قومی تحقیقاتی ادارے کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ حراست میں لیے گئے افراد "داعش سے متاثر ہونے والے ایک گروپ کے ارکان ہیں۔"

بیان میں مزید بتایا گیا کہ "تلاشی کے دوران ان افراد کے قبضے سے الیکڑانک آلات سمیت ایسا مواد ملا ہے جو ان کے (حملوں کی منصوبہ بندی میں) ملوث ہونے کا مظہر ہے۔"

بتایا گیا ہے کہ جن افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ان کی عمریں 24 اور 30 سال کے درمیان ہیں تاہم خبر رساں ادارے رائیڑز کا کہنا ہے کہ آزاد ذرائع سے پولیس کے دعوؤں کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

قبل ازیں بھارت کے تفتیش کاروں نے کہا تھا کہ بارہ مرد، چھ خواتین اور تین بچے کیرالا سے لاپتہ ہو گئے ہیں جن کے بارے میں بعد ازاں یہ خیال ظاہر کیا گیا کہ انہوں نے داعش میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

XS
SM
MD
LG