تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ تین روز قبل جنوبی بھارت میں گر کر تباہ ہونے والے ایئر انڈیا ایکسپریس کے طیارے کا فلائیٹ ڈیٹا ریکارڈر تلاش کر لیا گیا ہے۔
شہری ہوابازی کے ادارے سے تعلق رکھنے والے ایک عہدیدار نے منگل کے روز ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر یا ”بلیک باکس“ سالم حالت میں ہے اور اس سے حاصل کردہ معلومات سے تفتیش کاروں کو حادثے کے اسباب جاننے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ طیارے کا ”کاک پٹ وائس ریکارڈر “جو ہوابازوں اور زمین پر موجود حکام کے درمیان کی گئی بات چیت ریکارڈ کرتا ہے اتوار کی شب تلاش کر لیا گیا تھا۔
ہفتے کے روز دبئی سے ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورآنے والی پرواز، جس پر عملے کے ارکان سمیت 166 افراد سوار تھے، ہوائی اڈے پر اترتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گئی تھی اور 158 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
عہدیداران بشمول بھارتی وزیر برائے شہری ہوابازی پرافل پٹیل کے مطابق طیارے کے رن وے پر اترتے وقت منظر صاف اور موسم خوشگوار تھا جس کی باعث خیال کیا جا رہا ہے کہ حادثے کا سبب انسانی غلطی بھی ہو سکتی ہے البتہ تا حال حادثے کی وجوہات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔