رسائی کے لنکس

بھارت: دو مختلف عمارتیں گرنے سے کم ازکم 19 ہلاک


دارالحکومت نئی دہلی میں ایک پچاس سال پرانی چار منزلہ عمارت مہندم ہوگئی تھی جس میں مرنے والوں کی تعداد 11 تک پہنچ گئی۔

بھارت میں دو مختلف شہروں میں عمارتیں منہدم ہونے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 19 ہوگئی ہے جب کہ اتوار کو بھی امدادی ٹیمیں منہدم ہونے والی 12 منزلہ عمارت کے ملبے میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ہفتہ کو دیر گئے جنوبی ریاست تامل ناڈو کے دارالحکومت چنئی کے مضافات میں ایک زیر تعمیر رہائشی اپارٹمنٹس کی عمارت اچانک زمین بوس ہوگئی تھی۔

پولیس کے مطابق اب تک 26 مزدوروں کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے جب کہ ایک درجن سے زائد اب بھی ملبے تلے موجود ہیں جن کی تلاش کی جارہی ہے۔

پولیس عہدیدار جارج فرننڈس نے امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ عمارت گرنے سے چار مزدور موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے جب کہ چار زخمیوں نے اسپتال پہنچ کر دم توڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس انہدام کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

قبل ازیں ہفتہ کی صبح بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک پچاس سال پرانی چار منزلہ عمارت مہندم ہوگئی تھی جس میں مرنے والوں کی تعداد 11 تک پہنچ گئی۔

بتایا جاتا ہے کہ اس عمارت کے قریب ہونے والے تعمیراتی کام اور کھدائی اس کے گرنے کی وجہ ہوسکتی ہے۔

بھارت میں عمارتیں گرنا کوئی غیر معمولی بات نہیں جس کی وجہ ناقص تعمیراتی میٹریئل کا استعمال اور تعمیرات کے لیے وضع کردہ قواعد و ضوابط کو صرف نظر کرنا بتائی جاتی ہیں۔

گزشتہ سال اپریل میں ممبئی کے مضافات میں غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی ایک آٹھ منزلہ عمارت گرنے سے 74 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG