رسائی کے لنکس

بھارت اور برما کے درمیان کئی معاہدوں کا امکان


برما کے فوجی حکمران جنرل تھان شو بھارت کے پانچ روزہ دورے پر ہیں ۔ان کے اس دورے کا مقصد دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان تعلقات مضبوط بنانا ہے۔

جنرل تھان شو نے اتوار کے روز اپنے دورے کاآغاز بھارتی ریاست بہار میں بودھ گیا کے مقام سے کیا، جو اس جگہ کے قریب واقع ہے جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہاں مہاتما بودھ کو گیان کی روشنی ملی تھی۔

برمی صدر طے شدہ پروگرام کے مطابق منگل کو بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ اور صدر پرتیبھا پاٹل سے ملاقات کریں گے۔یہ بھی توقع ہے کہ وہ برما اور بھارت کے درمیان تجارت اور دفاع میں تعاون کے فروغ کے کئی معاہدوں پر دستخط کریں گے۔

نیویارک میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم ، ہیومن رائٹس واچ نے پیر کے روز ایک بیان جاری کیا جس میں بھارت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ برما کے فوجی حکمران ٹولے پر اپنے ملک میں بنیادی آزادیوں کے لیے اقدامات کرنے پر دباؤ ڈالے۔

برما کی فوجی حکومت پر بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا الزام ہے اور بہت سے مغربی ممالک نےوہاں کے حکمرانوں پر جمہوری اصلاحات کے لیے دباؤ ڈالنے کی غرض سے اس ملک پراقتصادی پابندیاں لگا رکھی ہیں ۔ تاہم بھارت کا کہنا ہے کہ وہ اپنے علاقے میں اس ملک کو الگ تھلگ کرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

XS
SM
MD
LG