رسائی کے لنکس

بھارت: سات سالہ بچے کے منہ سے 526 دانت نکال دیے گئے


ایکسرے میں بچے کے منہ میں دانتوں کا گچھا دکھائی دے رہا ہے۔
ایکسرے میں بچے کے منہ میں دانتوں کا گچھا دکھائی دے رہا ہے۔

بھارت میں ڈاکٹروں نے ایک سات سالہ بچے کے جبڑے کا آپریشن کر کے اس میں سے 526 دانت نکال دیے ہیں۔ بچے کو جبڑے میں درد کی شکایت پر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

سی این این کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت کے جنوبی شہر چنائی کے ایک اسپتال میں پچھلے مہینے ایک بچے کو لایا گیا جس کے نچلے جبڑے کے آخری حصے میں سوجن اور درد تھا۔

جب ڈاکٹروں نے اسے سکین کیا اور ایکسرے لیے تو پتا چلا کہ جبڑا خلاف معمول سینکڑوں دانتوں سے بھرا ہوا تھا۔

سویتھا ڈینٹل کالج اور ہاسپیٹل کی ڈاکٹر پراتھیبا رامنی نے بتایا کہ بچے کے جبڑے میں موجود پانچ سو سے زیادہ دانتوں کو نکالنے کی سرجری پچھلے مہینے کی گئی تھی۔

ڈاکٹروں کو زیادہ وقت نکالے جانے والے ہر دانت کے معائنے میں لگا تاکہ یہ تصدیق کی جا سکے کہ وہ واقعی دانت تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیسٹوں سے دانتوں کے گچھے کی تصدیق ہو جانے کے بعد دو ڈاکٹروں نے انہیں نکالنے کے لیے سرجری کی جس میں چار سے پانچ گھنٹے لگے۔

ڈاکٹر رامنی نے بتایا کہ بچے کے جبڑے میں مجموعی طور پر 526 دانت تھے، جن کا سائز 0.1 ملی میٹر سے لے کر 15 ملی میٹر تک تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہر دانت اپنے تمام حصوں کے ساتھ ایک مکمل دانت تھا۔

بچے کو سرجری کے تین دن کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔ ڈاکٹر رامنی نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ وہ جلد مکمل طور پر صحت یاب ہو جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس طرح کے واقعات شاذ و نادر ہی سامنے آتے ہیں۔ یہ واضح نہیں ہے کہ بچے کے جبڑے میں اس کثرت سے دانتوں کی موجودگی کا سبب کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ جینیاتی بھی ہو سکتی ہے اور یہ ماحول کا نتیجہ بھی ہو سکتا ہے، مثال کے طور پر ریڈی ایشن کے اثرات وغیرہ۔

بچے کے والدین نے ڈاکٹروں کو بتایا کہ اس کے جبڑے میں تین سال کی عمر سے ہی سوجن آنا شروع ہو گئی تھی۔

ڈاکٹر رامنی کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ ہر مرض کا ابتدا میں ہی علاج کرانا چاہیے۔ کیونکہ تاخیر کے ساتھ پیچیدگیاں بڑھ جاتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سرجری کے بعد بچہ تیزی سے صحت یاب ہو رہا ہے۔ اس وقت اس کے منہ میں 21 دانت ہیں۔ سات سال کی عمر میں عموماً 20 دانت ہوتے ہیں۔ جب کہ ایک بالغ شخص کے منہ میں دانتوں کی تعداد 32 ہوتی ہے۔

نیو انڈین ایکسپرس کی ایک رپورٹ میں ڈاکٹر کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس سرجری کے بعد بچے کو صرف ایک مسئلے کا سامنا ہو سکتا ہے اور وہ یہ کہ جبڑے کے جس حصے سے 526 دانت نکالے گئے ہیں وہاں اسے منصوعی داڑھ لگوانی پڑے، اور وہ بھی 16 سال کی عمر کے بعد۔

XS
SM
MD
LG