رسائی کے لنکس

بھارت: کاروں کی فروخت میں 24 فی صد سے زیادہ کمی


نئی دہلی کے ایک آٹو شو روم میں امریکی فورڈ کار کی نمائش کی جا رہی ہے۔ نومبر 2018
نئی دہلی کے ایک آٹو شو روم میں امریکی فورڈ کار کی نمائش کی جا رہی ہے۔ نومبر 2018

بھارت کی سب سے بڑی موٹر ساز کمپنی ماروتی سوزوکی انڈیا کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ستمبر کے مہینے میں اس کی کاروں کی فروخت میں ساڑھے 24 فی صد کے لگ بھگ کمی ہوئی۔

ماروتی نے ستمبر میں 122640 گاڑیاں فروخت کیں جب کہ پچھلے سال ستمبر میں فروخت ہونے والی کاروں کی تعداد 162290 تھی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ملک کے اندر کاروں کی فروخت میں 26.7 فی صد کمی ہوئی اور ستمبر میں اندرون ملک فروخت ہونے والی ماروتی کاروں کی تعداد 11500 تھی، جب کہ گزشتہ سال ستمبر میں فروخت کی گئی کاروں کی تعداد 153550 تھی۔

اسی طرح آلٹو اور ویگن آر جیسی منی کاروں کی فروخت میں بھی بڑے پیمانے پر کمی دیکھی گئی جو 42.6 فی صد تھی۔ اس سال ستمبر میں 20 ہزار کے لگ بھگ منی کاریں فروخت ہوئیں جب کہ گزشتہ سال اسی مدت میں فروخت ہونے والی منی کاروں کی تعداد تقریباً 35 ہزار تھی۔

دنیا بھر میں مقبول کمپکٹ کاروں کی فروخت میں پچھلے سال ستمبر کے مقابلے میں 22.7 فی صد کمی آئی۔ جب کہ درمیانے سائز کی سیڈان کاروں کی فروخت بھی نمایاں طور پر کم رہی۔

کمپنی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کاروں کی برآمد میں بھی لگ بھگ 18 فی صد کمی ہوئی اور گزشتہ سال 8740 کاروں کے مقابلے میں اس سال ستمبر میں صرف 7188 کاریں برآمد کی جا سکیں۔

اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ کاروں کی فروخت میں کمی صارفین کی قوت خرید میں کمی اور ملک کو درپیش اقتصادی چیلنجز کی ایک علامت ہے۔

XS
SM
MD
LG