رسائی کے لنکس

بھارت میں سیلاب سے لگ بھگ 600 افراد ہلاک


فوج کے ہزاروں اہلکار ہیلی کاپٹروں کی معاونت کے ساتھ علاقے میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور یہاں سے لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کررہے ہیں۔

بھارت کے شمالی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب میں ہلاکتوں کی والوں کی تعداد 600 تک پہنچ گئی ہے جب کہ ہزاروں لوگ اب بھی لاپتہ ہیں۔

ہفتہ کو ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے حکام نے ان میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

ریاست اترکھنڈ میں بھارت کے طویل ترین دریا گنگا کے کناروں پر واقع آبادی کو شدید نقصان پہنچا ہے جہاں چھوٹے مکانات اور دیگر سامان سیلابی پانی میں بہہ جانے کی اطلاعات ہیں۔

فوج کے ہزاروں اہلکار ہیلی کاپٹروں کی معاونت کے ساتھ علاقے میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور یہاں سے لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کررہے ہیں۔

وزارت داخلہ کے مطابق اب تک 33 ہزار افراد کو یہاں سے نکالا جا چکا ہے جب کہ ریلوے نے خصوصی ٹرین سروس بھی شروع کررکھی ہے تاکہ یہاں پھنسے زائرین اپنے گھروں کو واپس جا سکیں۔

ہفتہ کو بارش کا سلسلہ تھوڑا کم ہوگیا لیکن آئندہ ہفتے میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

وزیراعظم من موہن سنگھ نے مرنے والوں کے لواحقین کے لیے دو لاکھ روپے فی خاندان اور زخمیوں کے لیے پچاس ہزار روپے امداد کا اعلان کیا ہے جب کہ جن لوگوں کے گھر تباہ ہوئے ہیں انھیں بھی مالی امداد فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
XS
SM
MD
LG