رسائی کے لنکس

بھارتی ریاست تری پورہ میں ایک اور صحافي کا قتل


بھارت میں ایک خانون صحافی گوری لنکیش کے قتل کے خلاف مظاہرہ۔ فائل فوٹو
بھارت میں ایک خانون صحافی گوری لنکیش کے قتل کے خلاف مظاہرہ۔ فائل فوٹو

پریس کلب آف انڈیا اور شمال مشرق کی صحافیوں کی متعدد تنظیموں نے قتل کی مذمت کی اور قصورواروں کے خلاف کارروائی کے ساتھ ساتھ صحافیوں کے تحفظ کا مطالبہ بھی کیاہے۔

سہیل انجم

بھارت کی شمال مشرقی ریاست تری پورہ میں ایک سینیر ٹی وی صحافی شانتنو بھومک کے قتل کے بعد ایک اور سینیر صحافی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

بنگلہ روزنامہ سیاندن پتریکا کے سینیر کرائم رپورٹر سدیپ دتہ بھومک ایک خبر کے سلسلے میں منگل کے روز ریاست کے دارالحکومت اگرتلہ کے آر کے نگر میں واقع تری پورہ اسٹیٹ رائفلز کیمپ کے ہیڈ کوارٹر سکنڈ بنالین کمانڈنٹ تپن دیب برما سے ملنے گئے تھے، جہاں معمولی تكرار کے بعد ان کے محافظ نندو ریانگ نے اے کے 47 رائفل سے انہیں گولی مار دی۔

انہیں اگر تلہ میڈیکل کالج لے جایا گیا جہاں ان کی موت واقع ہو گئی۔ ان کے پسماندگان میں بیوی اور دو بچے ہیں۔ تپن دیب برما کو بدھ کے روز گرفتار کر لیا گیا۔

سیاندن پتریکا کے ایڈیٹر سوبل دیو کے مطابق بھومک کو اس لیے ہلاک کر دیا گیا کہ انہوں نے مذکورہ کمانڈنٹ کی مبینہ بدعنوانیوں پر گیارہ رپورٹیں شائع کی تھیں۔

جبکہ پولیس کا دعویٰ ہے کہ بھومک نے کمانڈنٹ کی میز سے پیسوں کا لفافہ اور دستاویزات چوری کر لی تھیں جس پر تكرار ہوئی اور باڈی گارڈ نے انہیں گولی مار دی۔

پریس کلب آف انڈیا اور شمال مشرق کی صحافیوں کی متعدد تنظیموں نے قتل کی مذمت کی اور قصورواروں کے خلاف کارروائی کے ساتھ ساتھ صحافیوں کے تحفظ کا مطالبہ بھی کیا۔

پریس کلب آف انڈیا کے صدر گوتم لاہری نے وائس آف امریکہ اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت میں صحافی محفوظ نہیں ہیں۔ چونکہ وہ حکومت کی غلطیوں کو اجاگر کرتے ہیں اس لیے ان کے خلاف ایک ماحول بنا دیا گیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مرکزی حکومت نے صحافیوں کے تحفظ کے سلسلے میں ایڈوائزری جاری کی تھی اس کے باوجود ان پر حملے ہو رہے ہیں۔

مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے تری پورہ کے گورنر تتھاگت رائے سے رپورٹ طلب کی ہے۔ تتھاگت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ہی دہلی جا کر رپورٹ سونپ دیں گے۔ انہوں نے اسے افسوسناک واقعہ قرار دیا۔

مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے بھی اس قتل کی مذمت کی اور مقتول کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

اس سے قبل 20 ستمبر کو شانتنو بھومک کو جو کہ ایک مقامی نیوز چینل دن رات سے وابستہ تھے، غیر سماجی عناصر کے ایک گروپ نے اس وقت ہلاک کر دیا تھا جب وہ سی پی آئی ایم اور تری پورہ پیپلز فرنٹ کے حامیوں کے مابین تصادم کی کوریج کرنے گئے تھے۔

اس سے پہلے 6 ستمبر کو ایک خاتون صحافی گوری لنکیش کو بنگلور میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG