رسائی کے لنکس

من موہن سنگھ واشنگٹن میں ہونے والی جوہری کانفرنس میں شرکت کریں گے


بھارتی وزیرِ اعظم من موہن سنگھ
بھارتی وزیرِ اعظم من موہن سنگھ

اِس بڑھتے ہوئے اندیشے کے تناظر میں کہ جوہری ہتھیار دہشت گردوں کے ہاتھوں میں پڑ سکتے ہیں، بھارتی وزیرِ اعظم من موہن سنگھ واشنگٹن کا دورہ کرنے والے ہیں، جہاں وہ 12اپریل سے شروع ہونے والی دو روزہ سربراہی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

کانفرنس میں 43ملکوں کے رہنما حصہ لے رہے ہیں اور اِس میں جوہری ہتھیاروں کے غلط ہاتھوں میں پڑنے سے روکنے کے اقدامات پر تبادلہٴ خیال کیا جائے گا۔

حکومت کے ذرائع کے مطابق بھارتی وزیرِ اعظم جوہری ہتھیاروں تک دہشت گردوں کی رسائی کے خطرے پر بھارت کی تشویش سے کانفرنس کو آگاہ کریں گے۔

وہ قانونی طریقہٴ کار اور دیگر ذرائع سے جوہری سازو سامان کے تحفظ کی ضرورت پر بھی زور دیں گے۔ اِس کے علاوہ توقع ہے کہ وہ بھارت میں بین الاقوامی جوہری حفاظتی مرکز کے قیام کی تجویز بھی سامنے رکھیں گے۔

تفصیلات بتاتے ہوئے سیکریٹری خارجہ نیروپامہ راؤ نے نامہ نگاروں سے کہا کہ جوہری تحفظ کے سلسلے میں بین الاقوامی عزم کے استحکام اور پُر امن مقاصد کے لیے جوہری توانائی کے استعمال کی حمایت کے تعلق سے اِس کانفرنس کی زبردست اہمیت ہے۔

نیروپامہ راؤ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ بھارت اور امریکہ کے مابین ری پروسیسنگ معاہدے پر، جس کے بارے میں مذاکرات مکمل ہوچکے ہیں، امریکہ کے ذریعے داخلی تبادلہٴ خیال کے بعد دستخط کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ اِس سلسلے میں بھارت کو بھی بعض ضابطے مکمل کرنے ہیں۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG