رسائی کے لنکس

نوبیاہتا دلہنوں کے لیے 'بلے' کا تحفہ


بھارت میں ایک وزیر نے نوبیاہتا دلہنوں کو شادی کے بعد لکڑی کا ایک چھوٹا ’بلا‘ تحفتاً دیا ہے تاکہ وہ اس سے اپنے شوہروں کی اس وقت درگت بنائیں جب وہ شراب کے نشے میں دھت ہوں یا پھر جھگڑا کریں۔

وسطی ریاست مدھیا پردیش کے وزیر گوپال بھارگوو نے گزشتہ ہفتے اجتماعی شادی کی ایک تقریب میں سات سو دلہنوں میں یہ تحفہ تقیسم کیا، یہ بلا عموماً گھروں میں ہاتھ سے کپڑوں کی دھلائی کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

اس بلے پر تحریر ہے کہ یہ "شرابیوں کو پیٹنے کے لیے ہے" اور "پولیس مداخلت نہیں کرے گی۔"

اجتماعی شادی کے موقع پر بھارگوو نے دلہنوں سے کہا کہ وہ اپنے شوہروں سے پہلے بات کریں اور اگر وہ کان نہ دھریں تو پھر اس کے بعد "اس بلے کو بات کرنے دیں۔"

وزیر بھارگوو نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کو بتایا کہ یہ تحفہ دینے کا مقصد دیہی علاقوں کی خواتین کی حالت زار کی طرف توجہ دلانا تھا جو کہ اپنے شرابی شوہروں کے ہاتھوں تشدد کا شکار ہوتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ "خواتین کہتی ہیں کہ جب بھی ان کے شوہر شراب پی کر آتے ہیں تو وہ تشدد کرتے ہیں، گھر میں رکھی بچت کی رقم لے جاتے ہیں اور شراب نوشی میں اڑا دیتے ہیں۔۔(بلا تحفے میں دینے کا) مقصد خواتین کو تشدد پر اکسانا نہیں بلکہ یہ تشدد کو روکنے کے لیے ہے۔"

انھوں نے ایسے ہی تقریباً دس ہزار بلے بنوائے تھے جو نوبیاہتا دلہنوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG