رسائی کے لنکس

نکسلیوں کے خلاف حکومت بھارتی فضائیہ کو استعمال کرسکتی ہے: وزیرِ داخلہ کا بیان


بھارتی وزیرِ داخلہ چدم برم
بھارتی وزیرِ داخلہ چدم برم

چھتیس گڑھ صوبے کے دانتےواڑا ضلع میں ماؤ نواز باغیوں کے ذریعے مرکزی حفاظتی دستے، سی آر پی ایف کے 76جوانوں کے قتلِ عام کے ایک دِن بعد بھارتی وزیرِ داخلہ پی چدم برم نے کہا کہ حکومت پر جنگ مسلط کر دی گئی ہے۔

تاہم، اُنھوں نے ایسے وقت میں اوسان بحال رکھنے اور دل ودماغ کو ٹھنڈا رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

چدم برم چھتیس گڑھ کے جگدل پور میںٕ مارے گئے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کر رہے تھے۔

بدھ کے دِن دانتے واڑا کے جنگلاتی علاقے میں 1000سے زائد نکسلیوں نے گھات لگا کر سی آر پی ایف کی ایک کمپنی پر حملہ کیا اور 76جوانوں کو ہلاک کردیا۔

نکسلیوں کی تخریب کاری کی 40سالہ تاریخ میں ملک میں حفاظتی دستوں کے خلاف کیا گیا یہ اب تک کا سب سے بڑا اور ہولناک حملہ تھا اوربھارتی حکومت، پولیس اہل کاروں کے اِس قتلِ عام سے بے حد پریشان ہوگئی ہے۔

وزیرِ داخلہ نے اِ س حملے کو جنگ کا نام بھی دے دیا ۔ تاہم، اِس کے باوجود اُنھوں نے یہ بھی واضح کردیا کہ حکومت کا نکسلیوں کی سرکوبی کے لیے فوج اتارنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

ایک دوسرے سوال کا جواب دیتے ہوئے، چدم برم نے یہ بھی کہا کہ وقت آگیا ہے کہ حکومت ماؤنواز مخالف آپریشن میں بھارتی فضائیہ کے استعمال کے فیصلے کے متعلق غور کرے۔

حالیہ مہینوں میں ملک کے متعدد صوبوں میں نکسلیوں کی بڑھتی ہوئی جارحیت کے بعد اب وزیرِ داخلہ اِس فیصلے پر نظرِ ثانی کی وکالت کر رہے ہیں۔ چند ماہ قبل، بھارتی فضائیہ کی خدمات حاصل کرنے کا موضوع زیرِ بحث آیا تھا۔ تاہم، حکومت نے اُس وقت یہ تجویز مسترد کردی تھی۔

XS
SM
MD
LG