رسائی کے لنکس

بھارت نے پاکستانی قومی سلامتی کے مشیر سے ملاقات کی تصدیق کردی


بھارت نے باضابطہ طور پر ان خبروں کی تصدیق کی ہے کہ پچھلے مہینے پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان بنکاک میں ملاقات ہوئی تھی۔

پچھلے مہینے میڈیا میں یہ خبریں گردش میں رہیں کہ پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) ناصر خان جنجوعہ اور بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈویل کے درمیان 27 دسمبر کو بنکاک میں ملاقات ہوئی تھی۔

خارجہ أمور کی بھارتی وزارت کے ترجمان رویش کمار نے کہا ہے کہ مجھے اس سے اتفاق ہے کہ دونوں ملکوں کے قومی سلامتی مشیروں کے درمیان مذاكرات ہوئے تھے اور اس میں ہم نے خطے سے دہشت گردی کے خاتمے سے متعلق اپنا مسئلہ اٹھایا تھا۔ ہم نے مذاكرات کے دوران سرحد پار دہشت گردی کا معاملہ بھی اٹھایا تھا۔

بھارت اس سے پہلے یہ کہہ کر پاکستان سے مذاكرات سے انکار کرتا رہا ہے کہ دہشت گردی کے روکے جانے تک پاکستان کے ساتھ بات چیت نہیں ہو سکتی۔

اس سلسلے میں بھارتی ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک یہ کہہ چکا ہے کہ دہشت گردی اور مذاكرات ایک ساتھ نہیں چل سکتے، لیکن دہشت گردی سے متعلق بات چیت یقیناً آگے بڑھ سکتی ہے۔

اس سے پہلے ایک پاکستانی عہدے دار کے حوالے سے خبروں میں بتایا گیا تھا کہ دونوں ہمسایہ ملکوں کے مشیروں کے درمیان ملاقات اچھی رہی۔ بھارتی مشیر اجیت ڈویل کا رویہ اور انداز دوستانہ اور مثبت تھا۔

رویش کمار کی جانب سے یہ بیان دونوں فریقوں کی جانب سے مشیروں کی سطح پر مذاكرات کی پہلی سرکاری تصدیق ہے۔

XS
SM
MD
LG